مفتی عبدالشکور کار حادثہ: تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا

ہفتہ 15 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے گزشتہ روز ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے کے معاملہ پر حاجی قدرت اللہ کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن میں حاجی قدرت اللہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مولانا افطاری سے پہلے میرے گھر  آئے۔ 8 بجکر 22 منٹ پر مولانا میرے گھر سے پارلیمنٹ لاجز کے لیے نکلے۔ رات 10 بجے میرے کک کو سرکاری ڈرائیور نے حادثے سے متعلق آگاہ کیا۔

متن میں مزید کہا گیا ہے کہ مولانا اپنی سرکاری گاڑی کو خود چلاکر لے جا رہے تھے۔ ویگو ڈالے کے ڈرائیور نے غفلت و لاپرواہی اور تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے مولانا کی گاڑی کو ہٹ کیا۔ جس سے مفتی عبدالشکور کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ واقعہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے ہر پہلو کو ملحوظ خاطر رکھ کر کارروائی کی جائے۔


وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔

ترجمان اسلام پولیس کے مطابق مولانا عبدالشکور میریٹ ہوٹل کی طرف سے سیکریٹریٹ کی طرف جارہے تھے کہ ہائی لکس ریوو جس میں 5 آدمی سوار تھے نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔

مولانا عبدالشکور کو پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ٹکر مارنے والی گاڑی میں سوار افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

اسپتال میں موت کی تصدیق ہونے کے بعد پولی کلینک میں ہی مفتی عبدالشکور کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ نے بتایا ہے کہ مولانا عبدالشکور کی ہڈیاں فریکچر ہو چکی تھیں جب کہ ناک اور منہ سے خون بہہ رہا تھا۔ سر میں شدید چوٹ کے باعث وہ جانبر نہیں ہو سکے۔

پولی کلینک اسپتال میں مفتی عبدالشکور کی میت کے پاس لوگ کھڑے ہیں

نمازِ جنازہ

مفتی عبدالشکور کی پہلی نماز جنازہ اسلام آباد کی مسجد دارالسلام جی 6 سیکٹر میں مولانا فضل الرحمٰن کی امامت میں ادا کی گئی۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وزیر برائے انسداد منشیات شاہ زین بگٹی، لیگی رہنما طارق فضل چوہدری سمیت جمیعت علماء اسلام اور مجلسِ ختم نبوت کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

مفتی عبدالشکور کا جسد خاکی ان کے آبائی گاؤں تاجبی، تحصیل بھٹینی، لکی مروت روانہ کر دی گئی ہے، جہاں کل 25 رمضان المبارک بروز اتوار دن دو بجے نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا گہرے رنج وغم کا اظہار

دریں اثناء صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مفتی عبدالشکور کی حادثاتی موت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔

اس کے علاوہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے آئی جی اسلام آباد کو واقعے کی مکمل تحقیقیات کی ہدایات دی ہیں۔

صدر مملکت نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی جبکہ مرحوم کی بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے۔ بحیثیت وزیر مذہبی امور کے بڑی محنت، اخلاص اور ایمانداری سے فرائض انجام دیے، ہم ان کی دینی، ملی، قومی وسیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل دے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھی مفتی عبدالشکور کی حادثاتی موت پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے غمزدہ خاندان سے ہمدری کا اظہار کیا۔

سابق صدر آصف زرداری نے مفتی عبدالشکور کی موت پر اظہار افسوس کیا ہے اور کہا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں لواحقین سمیت مولانا فضل الرحمان اور جے آئی کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔

مفتی عبدالشکور کی خدمات یاد رکھی جائیں گی، سید خورشید شاہ

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ نے مفتی عبدالشکور کی حادثاتی موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مذہبی اور سیاسی خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔

سید خورشید شاہ نے مفتی عبدالشکور کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا اظہار تعزیت

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مفتی عبدالشکور کے حادثے میں انتقال پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی عبد الشکور کی وفات جماعت ،میری ذاتی زندگی ،علاقے کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔ انہیں جماعتی ،سماجی ،تدریسی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے گذشتہ روز ہی قومی اسمبلی میں انہوں نے اپنے علاقے میں امن وامان کے لئے آواز بلند کی تھی۔- مفتی عبد الشکور درویش صفت انسان تھے۔

مفتی عبدالشکور نے حجاج کی خدمت کی ،اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دعا ہے کہ اللہ کریم ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔ یہ غم صرف ان کے اہل خانہ کا نہیں ،میرا اور پوری جماعت کا غم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp