2025 پاکستان اور سیاست دانوں کے لیے کیسا رہے گا؟ ماہر علم نجوم کے اندازے

بدھ 1 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کیا سن 2025 میں شہباز شریف کی حکومت ختم ہوجائے گی؟ کیا مریم نواز شریف وزیراعظم بنیں گے؟ کیا عمران خان نئے سال میں رہا ہوجائیں گے؟ کیا عمران خان اور بشریٰ بی بی کا ازدواجی بندھن چلتا رہے گا؟ نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے لیے یہ سال کیسا رہے گا؟ ان سوالات اور دیگر کے جوابات کے لیے ماہرین علم نجوم کیا اندازے ظاہر کرتے ہیں، اس بابت ہم نے سامعہ خان اور محمد علی زنجانی سے گفتگو کی۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے ماہر علم نجوم سامعہ خان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کے لیے یہ سال شادی کے لیے اچھا ثابت ہوگا، ان کا ستارہ یہ بتا رہا ہے کہ اس سال شادی ان کے لیے نیک شگون ہوگا،وہ خوبصورت دلہا بن سکتے ہیں۔

12 جنوری سے 10 فروری 2025 میں عمران خان کو اس دوران ریلیف مل سکتا ہے، عمران خان کے ستارے بتا رہے ہیں کہ ان کو اب ریلیف ملے گا۔ اس سے پہلے ان کا ستارہ جکڑا ہوا تھا۔ اگر اس دوران عمران خان سوچ سمجھ کر چلیں گے تو ان کو فائدہ ہوگا ورنہ مئی کے بعد ان کا ستارہ لمبی گمنامی کی طرف جاتا ہے، اس لیے انہیں اس وقت کو محتاط رہ کر استعمال کرنا ہے۔

عمران خان کی بشریٰ بی بی کے ساتھ شادی چلنا مشکل

ماہر علم نجوم سامعہ خان کا کہنا تھا کہ ستاروں کے مطابق 2025 پاکستان کے لیے اچھا سال ہوگا مگر عمران خان کی ازدواجی زندگی کے لیے مسائل کھڑے کر سکتا ہے۔ عمران خان کو سیاست راس ہے مگر شادی راس نہیں ہے۔ میرا نہیں خیال کہ عمران خان کی بشریٰ بی بی کے ساتھ شادی چلے گی، ان کی شادی ختم ہونی ہی ہونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2025 مریم نواز کے لیے کامیاب ترین سال ہوگا۔ مریم نواز کی کارکردگی اور سیاست کا ڈنکا بجے گا۔ میں اس بات کو نہیں مان سکتی کہ وہ وزیر اعظم نہیں بن سکتیں۔ بالکل امکان موجود ہے کہ وہ وزیر اعظم بن سکتی ہیں۔ سیاسی طور پر 3 لوگوں کا ستارہ بہت مضبوط ہے شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان اور عمران خان کا۔ مولانا فضل الرحمان اس سال کے سب سے زیادہ بنیفشری ہو سکتے ہیں۔

پاکستان کی اس سال معیشت بہتری کی طرف جائے گی

ماہر علم نجوم سید محمد علی زنجانی کے مطابق 2025 پاکستان کی معیشت کے لیے بہتر  سال ثابت ہوگا۔ اس کے ثمرات جون سے ملنا شروع ہوجائیں گے۔ اس سال سیاسی صورتحال تھوڑی بہت خراب ہوگی مگر جو بھی آئے گا پاکستان کی صورتحال بہتری کی طرف جاتی ہوئی نظر آتی ہے۔ سال 2025 میں عوام سیاست سے تھوڑی دوری اختیار کریں گے۔ الف، ل، م، ع حروف سے شروع ہونے والے نام پاکستان کو چلائیں گے۔

مارشل لا کے امکانات نظر نہیں آرہے

محمد علی زنجانی  نے کہا ’مجھے پہلے 6 ماہ میں ایسا کچھ نظر نہیں آرہا کہ مارشل لا لگ جائے۔ اگلے 6 ماہ میں مارس کمزور ضرور ہے مگر اس کے باوجود امکانات بہت کم ہیں کہ ملک میں مارشل لا لگ جائے۔

’پاکستان میں فروری اور مارچ میں سیاسی حالات میں ردو بدل آسکتا ہے۔ موجودہ حکومت کے بیک اسٹیج پر جانے کے امکانات اس سال پائے جاتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے یہ وقت جون میں شروع ہو جائے گا۔ ہوسکتا ہے کہ کوئی نئے چہرے آپ کو ملک چلاتے ہوئے نظر آئیں۔‘

2025میں الیکشن نہیں ہوگا لیکن مجھے ان ہاؤس تبدبلی کے چانس نظر آرہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے لیے فروری اور مارچ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ زائچے کے مطابق ان کو ریلیف ملتا ہوا نظر آرہا ہے۔ اگر ان 2 ماہ میں عمران خان باہر نہیں آتے تو وہ پورا سال پھر اندر ہی رہیں گے مگر ان کی مقبولیت کا گراف کم نہیں ہوگا، بڑھے گا۔ اس سال عمران خان کا بشریٰ بی بی کے ساتھ سفر زیادہ دیر تک نہیں چلے گا، اس بات پر سامعہ خان کے ساتھ متفق ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ علحیدگی ہوجائے گی۔ نواز شریف اور عمران خان کے زائچوں کے مطابق ان کا اپنی باقی زندگی میں سیاست میں اہم کرادر رہے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو اس سال کافی پذیرائی ملے گی لیکن 2025 میں ستاروں  کے علم کے مطابق مجھے نہیں نظر آرہا کہ وہ وزیر اعظم بنیں گی۔ وہ وزیراعلیٰ ہی رہیں گی البتہ میرے علم کے مطابق شہباز شریف زیادہ دیر اپنے منصب پر رہ نہیں پائیں گے۔

( واضح رہے کہ مستقبل کے بارے میں علم اللہ تعالیٰ کی ذات بابرکات کے سوا کسی کو نہیں۔ مذکورہ بالا  گفتگو انسانی اندازوں پر مبنی ہے)

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp