سعودی عرب جنوری 2025 میں مختلف اہم کانفرنسز کی میزبانی کرےگا

بدھ 1 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب جنوری 2025 کے دوران مختلف اہم تقریبات اور کانفرنسز کی میزبانی کرےگا، جو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے دروازے کھولیں گی۔ ان تقریبات میں سیاحت، ثقافت، تجارت، ٹیکنالوجی، کھیل اور دیگر شعبے شامل ہیں، جو دنیا بھر کے ماہرین اور شائقین کو اپنی طرف متوجہ کریں گے۔

سعودی عرب میں رواں سعودی سیاحتی میلہ 2025 منعقد ہونے جارہا ہے، جو 7 سے 9 جنوری تک ریاض میں ہوگا، اور اس میں سیاحت کے فروغ اور مقامی ثقافتی ورثے پر بات چیت ہوگی۔ اسی دوران 2 سے 6 جنوری تک اطالوی سپر کپ ریاض میں کھیلا جائے گا، جو فٹ بال کے شائقین کے لیے ایک بڑا ایونٹ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں 2024: سعودی عرب کا تاریخی سال، کامیابیوں کا عالمی سفر

جنوبی سعودی علاقے الحريق میں یکم سے 10 جنوری تک نواں لیموں کا میلہ منعقد ہورہا ہے، جہاں زراعت کے شعبے کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ریاض میں 14 سے 16 جنوری تک خلیجی طباعت اور پیکجنگ کی نمائش اور عالمی کانفرنس برائے معدنیات منعقد ہوں گی، جو صنعتی شعبوں میں جدیدیت کو فروغ دیں گی۔

اس کے علاوہ 12 اور 13 جنوری کو جدہ میں حج کانفرنس اور نمائش کا انعقاد ہوگا، جہاں حج انتظامات اور خدمات پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔ 17 اور 18 جنوری کو العلا میں ریچرڈ میل العلا ریگستانی کھیلوں کا ٹورنامنٹ منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔

دندان سازی کے شعبے میں تحقیق اور ترقی کو اجاگر کرنے کے لیے 16 سے 18 جنوری کو ریاض میں سعودی بین الاقوامی کانفرنس برائے دندان سازی منعقد ہوگی۔ اس کے علاوہ 20 اور 21 جنوری کو ریاض میں عالمی سربراہی اجلاس برائے حکمرانی کا انعقاد ہوگا، جو گورننس کے جدید طریقوں پر روشنی ڈالے گا۔

23 سے 25 جنوری تک جدہ میں اسلامی آرٹ نمائش منعقد ہوگی، جبکہ نیوم میں 24 اور 25 جنوری کو عالمی الیکٹرک کشتی ریس چیمپیئن شپ کا افتتاحی مرحلہ ہوگا۔

ریاض میں 21 سے 23 جنوری تک سعودی بین الاقوامی کانفرنس برائے الیکٹرانک مارکیٹنگ اور تجارت منعقد ہوگی۔ اس کے بعد 27 سے 29 جنوری تک مستقبلِ ریئل اسٹیٹ فورم اور سعودی بین الاقوامی تجارتی معاہدہ نمائش بھی ریاض میں ہوں گی۔

27 سے 29 جنوری تک شاہ عبدالعزیز کی تاریخ پر تیسری عالمی کانفرنس ریاض میں منعقد ہوگی، جبکہ 29 اور 30 جنوری کو جازان میں سعودی کافی کی بین الاقوامی نمائش منعقد ہوگی۔

آخر میں 30 اور 31 جنوری کو ریاض میں جاپانی ثقافت کے دن منائے جائیں گے، جو سعودی اور جاپانی ثقافتی تعلقات کو مضبوط کرنے کا موقع فراہم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں 2024: سعودی عرب کا تاریخی سال، کامیابیوں کا عالمی سفر

یہ تقریبات سعودی عرب کو عالمی سطح پر ایک جدید اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر پیش کریں گی اور مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے امکانات پیدا کریں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp