پی ٹی آئی کے قیدیوں کی رہائی کیسے ممکن ہے؟ احسن اقبال نے بتا دیا

جمعرات 2 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جس حکومت کا معاشی ایجنڈا ہوتا ہے وہ سیاسی استحکام میں دلچسپی رکھتی ہے، اس لیے ہم پی ٹی آئی کے ساتھ اخلاص کے ساتھ بات چیت کررہے ہیں۔

ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میں نے بھی جعلی مقدمات کا سامنا کیا مگر باہر جاکر کانگریس یا اقوام متحدہ میں کسی کے پاؤں نہیں پکڑے۔ ہم نے اپنے مقدمے پاکستان کی عدالتوں میں لڑ کر باعزت رہائی حاصل کی۔

پی ٹی آئی کے زیر حراست کارکنوں کے بارے میں احسن اقبال نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں کوئی قیدی کسی ایگزیکٹیو آرڈر کے تحت قید نہیں ہے کہ ہم ڈپٹی کمشنر کو کہیں کہ اسے چھوڑ دیں۔ یہ سب مقدمات میں قید ہیں اور جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان قیدیوں کی رہائی کا واحد حل یہ ہے کہ وہ عدالت میں جائیں۔

یہ بھی پڑھئے:مذاکرات میں ہمارے قیدیوں کی رہائی کی بات ہو گی ، اسد قیصر

پی ٹی آئی سے مذاکرات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ہم آئین و قانون کے دائرے میں ہونے والے مطالبات کو پورا کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ٹی آئی کھلے دل کے ساتھ مذاکرات کرے گی۔

احسن اقبال نے پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 4 سال ہمیں کچھ پتہ نہیں چلا کہ ہماری سمت کیا ہے۔ حال ہی میں لانچ کیے جانے والے والے ’اڑان پاکستان‘ کے بارے میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس معاشی منصوبے کو سیاست سے بالاتر رکھیں اور ہم نے تمام صوبوں سے اس پر رائے لی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ملکی معیشت کو بلندیوں پر لے جانے کا عزم، وزیراعظم نے ’اڑان پاکستان‘ پروگرام کا افتتاح کردیا

ملک میں انٹرنیٹ کی سست رفتاری سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ دنیا میں مواقع کے ساتھ ساتھ ایک خطرہ بھی ہے اور دنیا کا ہر ملک مختلف انداز میں اس سے نمٹ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فائر وال بنانا ہماری ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp