وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا نیا ماسٹر پلان طلب کرلیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کا دورہ کیا اور وہاں پر دستیاب سہولیات، ہاسٹل اور میس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظیم نو سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں خواتین کا پولیس فورس کی جانب رجحان، نیا سنگ میل عبور
اجلاس سے خطاب میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن سے 25 کروڑ روپے کا چیک جلد نیشنل پولیس اکیڈمی کو دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کو مالی طور پر خودمختار ادارہ بنانا ہے۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظیم نو کے کام کو 3 ماہ میں مکمل کرنا ہے، اکیڈمی میں ملٹری اکیڈمی کاکول کی طرز پر بہترین آفیسرز تعینات کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کی داد رسی کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی
انہوں نے ہدایت کی کہ عالمی معیار کے کنسلٹنٹ سے نیشنل پولیس اکیڈمی کا نیا ماسٹر پلان تیار کرایا جائے۔ وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے لیے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔