اسلام آباد کی انسدادِدہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کی جانب سے 26 نومبر کے احتجاج پر درج 13 مقدمات میں 250 ملزمان کی درخواست ضمانتیں منظور کرتے ہوئے ان تمام ملزمان کو فی کس 5 ہزار روپے مچلکوں پر رہائی کا حکم دیا ہے۔
دوسری جانب دارالحکومت کے 10 تھانوں میں درج 13 مقدمات میں نامزد150 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:26 نومبر پی ٹی آئی احتجاج: بشریٰ بی بی کی 13 جنوری تک عبوری ضمانت منظور
انسدادِدہشت گردی عدالت اسلام آباد نے تھانہ بنی گالا کے مقدمہ میں 18 ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور جبکہ تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 1033 میں ملزمان کی درخواست ضمانتیں خارج کردی ہیں۔
اسی عدالت نے تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 1032 میں نامزد 43 ملزمان کی درخواست ضمانت منظور جبکہ ایک ملزم کی درخواست خارج کردی ہے، تھانہ شہزاد ٹاون کے مقدمہ میں 9 ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی احتجاج میں سرمیں گولی لگ کر زخمی ہونے والا رینجرجوان 3 ہفتوں بعد چل بسا
انسدادِدہشت گردی عدالت نے اسلام آباد کے تھانہ نون میں دائر مقدمہ کے 17 ملزمان کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے ایک ملزم کی درخواست خارج کردی، اسی طرح تھانہ آبپارہ کے مقدمہ نمبر 1022 میں 70 ملزمان کی ضمانتیں منظور جبکہ 25 ملزمان کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔