امریکا میں 2018 میں شہ سرخیوں میں جگہ پانے والی ’غمزدہ وہیل‘ ایک بار پھر خبروں میں آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نایاب نسل سے تعلق رکھنے والی اس وہیل کا دوسرا بچہ بھی مرگیا ہے اور وہیل اپنے مردہ بچے کی لاش ساتھ لیے سمندر میں تیر رہی ہے۔
یاد رہے کہ امریکا کے شہر واشنگٹن کے ساحلی علاقے ’پگٹ ساؤنڈ‘ کے قریب سمندر میں رہنے والی اس وہیل کا پہلا بچہ 2018 میں مرا تھا اور یہ وہیل اپنے مردہ بچے کی لاش 17 دنوں تک ساتھ لے کر پھرتی رہی تھی۔ اس عرصے میں اس نے لاش کے ساتھ سمندر میں 1000 میل کا فاصلہ طے کیا تھا۔
اس وہیل مچھلی کی تصویریں سامنے آنے پر لوگوں نے اسے ایک غمزدہ ماں کی اپنے بچے کے لیے محبت کی متاثر کن علامت قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:کیا ونڈ ٹربائنز کی وجہ سے وہیلز مررہی ہیں؟
اس واقعے کے 6 بعد سال بعد مذکورہ وہیل کا دوسرا بچہ بھی مرگیا ہے اور ماہرین کے مطابق وہیل دوبارہ اپنے بچے کی لاش ساتھ لے کر سمندر میں تیرتی ہوئی نظر آئی ہے۔
امریکی ادارے ’سینٹر فار وہیل ریسرچ‘ کے مطابق مذکورہ مچھلی نے اب تک 4 بچوں کو جنم دیا ہے جن میں سے اب 2 باقی رہ گئے ہیں۔
اس وہیل کا تعلق معدوم ہوتی ہوئی نسل ’کِلر وہیلز‘ سے ہے اور ماہرین کے مطابق ان کی پوری دنیا میں تعداد 50000 رہ گئی ہے۔ اس وہیل کے دوسرے بچے کے مرنے کے بعد ’کلر وہیلز‘ کی آبادی کے بارے میں ماہرین میں مزید تشویش پیدا ہوگئی ہے۔