آج ورلڈ بریل ڈے پر ہم بریل کی لوگوں کو با اختیار بنانے کا اعتراف اور پذیرائی کرنے میں عالمی برادری کے ساتھ شامل ہیں۔ بریل نے دنیا بھر میں لاکھوں بصارت سے محروم افراد کے لیے علم، مواصلات اور آزادی کے دروازے کھولے ہیں۔ بریل صرف پڑھنے اور لکھنے کا ذریعہ نہیں یہ معاشرے میں شمولیت اور مساوی مواقع کی ایک کھڑکی ہے، جو افراد کو آزاد اور باوقار زندگی گزارنے کے لیے بااختیار بناتی ہے۔
بریل کے عالمی دن پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم اپنے معاشرے میں ایسے لوگ پیدا کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہیں جو قابل رسائی تعلیم کے ذریعے تمام افراد کو بااختیار بنائیں، اسکولوں کو بریل کتابوں سے آراستہ کریں، اساتذہ کی تربیت میں اضافہ کر یں، اور بصارت سے محروم طلباء کے لیے خصوصی مراکز قائم کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان سمیت دنیا بھر میں بریل کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بریل ڈے اس چیز کی یاد دہانی ہے کہ حقیقی ترقی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاتا ہے کہ ہمارا معاشرہ کتنا آزاد اور مساوی ہے۔ یہ دن ایک ایسا پاکستان بنانے کے ہمارے عہد کو تقویت دینے کا دن ہے جہاں ہر شہری کو پھلنے پھولنے کے پلیٹ فارم اور مواقع میسر ہوں، اور ہم ہر فرد اور ادارے کے ان اہداف کو پورا کرنے کی جد وجہد کی پذیرائی کرتے ہیں اور ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کا عزم کرتے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا بریل کے عالمی دن پر پیغام
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بینائی سے محروم افراد کی علم تک رسائی کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے بریل رسم الخط کا دن منا رہے ہیں۔ بریل رسم الخط کا عالمی دن منانے کا مقصد بینائی سے محروم افراد کے حقوق بارے آگاہی پیدا کرنا ہے۔ نابینا افراد کی تعلیم اور دیگر سہولیات تک رسائی بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ خصوصی افراد کی سماجی اور معاشی خودمختاری کے لیے علم تک رسائی ناگزیر ہے۔ بریل رسم الخط بصارت سے محروم افراد کے لیے تعلیم اور معلومات کا اہم ذریعہ ہے۔ نابینا افراد کو بریل رسم الخط میں اہم معلومات کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: خواہش ہے باقی صوبوں میں بھی خواتین چیف منسٹر بنیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
ان کا کہنا تھا کہ بینائی سے محروم افراد کو بریل رسم الخط میں کتابوں تک رسائی دینے کے لیے اقدامات تیز کرنا ہوں گے۔ پاکستان نے نابینا افراد کی علم تک رسائی بڑھانے کے لیے مراکش معاہدے کی توثیق کی۔ نابینا افراد کو اعلیٰ معیار کے تعلیمی اور معلوماتی مواد کو بریل رسم الخط میں دستیاب کرنا ہوگا۔
صدر نے کہا کہ ایک ہمہ گیر، انصاف اور مساوات پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لیے معاشرے کے تمام طبقات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہیں۔ معذوری کے حامل افراد کے حقوق کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔