وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے تعمیراتی منصوبوں کا دورہ کیا اور ایف ایٹ چوک اور سرینا چوک انٹرچینجز کے تعمیراتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈرپاس 42 روز کی مدت میں مکمل کیا گیا، فروری میں ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج کا مکمل افتتاح کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: ایف 8 انڈر پاس منگل کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا،وفاقی وزیر داخلہ
انہوں نے حکام کو پروجیکٹس کی تکمیل ڈیڈلائن میں یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دونوں منصوبوں پر 3 شفٹوں میں کام جاری رکھا جائے، اضافی ورک فورس لگا کر نائٹ شفٹ میں تعمیراتی کام تیز کیا جائے، دونوں منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو ٹریفک جام سے چھٹکارہ ملے گا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ مہمانوں کی سہولت کے لیے سرینا ہوٹل میں داخلے کا پلان بنایا جائے اور سرینا چوک انٹرچینج کی حدود میں قومی پرچم بھی نصب کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں 2 اہم پراجیکٹس کی تعمیر، اب شہری کن راستوں پر سفر کیا کریں گے؟
واضح رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ تعمیراتی عمل ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے پر ایف 8 انڈر پاس 24 دسمبر کو ٹریفک آمدورفت کے لیے کھول دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرینا چوک انٹرچینج کا جنوری میں افتتاح ہو گا جو صرف 60 دن میں مکمل ہوگا۔