’شراب نوشی سے کینسر میں مبتلا ہونے کاخطرہ بڑھ جاتا ہے‘

ہفتہ 4 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کے سرجن جنرل ویوک مورتھی نے کہا ہے کہ شراب نوشی سے کینسر میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ شراب کی پیکنگ پر کینسر کے خطرے کا انتباہ درج کیا جائے جس طرح سگریٹوں کے پیکٹ پر لکھا ہوتا ہے۔

سرجن جنرل مورتھی کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ شراب کے استعمال سے کم از کم 7 اقسام کے سرطان میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جن میں چھاتی، بڑی آنت اور جگر کا کینسر بھی شامل ہے۔ شراب پینے والے امریکیوں کی کثیر تعداد کو اس خطرے کا علم ہی نہیں۔

مورتھی نے کہا کہ اس خطرے کا علم ہونے کے بعد شراب پینے کی مقدار سے متعلق سفارشات کا دوبارہ جائزہ لینے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ شراب پینے سے قبل اس خطرے کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کر سکیں کہ آیا انہیں شراب پینی بھی چاہیے یا پھر اس کی کتنی مقدار لینی چاہیے۔

امریکا میں شراب کے استعمال سے متعلق موجودہ گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ ایک مرد کو دن بھر میں 2 یا اس سے کم پیگ لینے چاہیئں، جب کہ خواتین کو شراب ایک ڈرنک یا اس سے کم تک محدود رکھنی چاہیے۔

مزید پڑھیں: حکومت پنجاب نے صوبے میں شراب کی طلب پوری کرنیکا تقاضا کیوں کیا؟

ان کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی اور موٹاپے کے بعد امریکا میں شراب کا استعمال کینسر میں مبتلا ہونے کی تیسری سب سے بڑی وجہ ہے، جس سے بچا جا سکتا ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ شراب کس قسم کی ہے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ سرجن جنرل کی تجاویز کو قبول کیا جائے گا یا نہیں کیونکہ صدر بائیڈن کی انتظامیہ آخری ہفتوں میں داخل ہو رہی ہے اور مورتھی کی جگہ ممکنہ طور پر جینٹ نیش واٹ تعینات ہو سکتی ہیں جو اس عہدے کے لیے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا انتخاب ہیں۔ تاہم شراب کی پیکنگ پر درج انتباہ میں تبدیلی کا فیصلہ کانگریس کو ہی کرنا ہوتا ہے۔

ایسے مشروبات جن میں الکوحل موجود ہوتی ہے ان کی پیکنگ پر ایک انتباہی نوٹ پہلے سے ہی موجود ہے جس کہا گیا ہے کہ حمل میں شراب نوشی، بچے میں پیدائشی نقائص کا سبب بن سکتی ہے۔ مشینری چلانے کے دوران فیصلے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: ڈانس پارٹی میں زہریلی شراب پی کر 2 خواتین، ایک مرد ہلاک

باریک لفظوں میں شراب کی پیکنگ کے پشت پر اس انتباہ کی اشاعت 1988 میں شروع ہوئی تھی، جس میں اب تک کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ سرجن جنرل مورتھی کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ کینسر کے انتباہ کو پہلے سے موجود لیبل میں شامل کرکے اسے اپ ڈیٹ کر دیا جائے۔

شراب نوشی سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا میں ہر سال ایک لاکھ افراد کینسر کی مختلف اقسام میں مبتلا ہو جاتے ہیں اور 20 ہزار سے زیادہ اموات کا سبب شراب نوشی سے ہونے والا کینسر ہے۔ ہلاکتوں کی یہ تعداد ٹریفک کے ان حادثات کی ہلاکتوں سے زیادہ ہے جس کا سبب شراب کے نشے میں گاڑی چلانا ہوتا ہے۔ ان حادثات میں ہر سال 13500 امریکی موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp