محکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کی صوبے بھر میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیر قانونی شکار و کاروبار کے خلاف مہم جاری ہے جس کے دوران اب تک 5 شکاریوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
اے پی پی کے مطابق سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر ڈی جی جنگلی حیات وپارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی زیر قیادت محکمہ کاصوبہ بھر میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار، کاروباراور ناجائز قبضہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن پوری شدت سے جاری ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ روز قصور، اوکاڑہ، پاکپتن اور گجرات سے 5 غیرقانونی شکاری گرفتار کرکے ان پر ایک لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کردیا گیا۔
جنگلی حیات کے ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف قصور ڈاکٹر محمد فیاض نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ضلع کے 2 مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران کتوں کے ذریعے جنگلی سور اور جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار میں ملوث 2 شکاریوں کو 50 ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیے۔
ایک اور کارروائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف اوکاڑہ شہباز مان نے جنگلی پرندوں کے ایک شکاری کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے 35 ہزار روپے جرمانہ کر کے کیس نمٹایا۔ ایسی ہی ایک دیگر کامیاب کارروائی کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف پاکپتن منور حسین نجمی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پاکپتن کینال سے نایاب کچھووں کے غیر قانونی شکار میں مشغول 2 شکاریوں کو موقع پر گرفتار کر کے ان پر 20ہزار روپے جرمانہ کیا۔
مزید برآں ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف گجرات ریجن ارفع بتول نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف گجرات مستنصر گوندل کے ہمراہ سرچ وارنٹ کے بعدایک عمارت سے ناجائز رکھے طوطوں کی بڑی کھیپ برآمد کر کے چالان عدالت میں پیش کردیا تاہم عدالت نے کیس کا فیصلہ تاحال صادر نہیں کیا۔