تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنے قد کے مطابق بات کرنی چاہئے، انہوں نے کل جو باتیں کیں ان کا کوئی سر پیر نہیں۔
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان صرف ایک صوبائی جماعت کے سربراہ ہیں۔ ان کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں۔ ان کے بقول عمران خان کا تختہ الٹنے کا وعدہ کیا گیا تھا، انہیں گارنٹی دی گئی تھی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ فضل الرحمان کی طرف سے انکشاف بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ فضل الرحمان نے نام لئے، جن لوگوں سے ان کی بات ہوئی تھی۔ فضل الرحمان کے انکشافات پر کمیشن بنا کر تحقیقات کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وقت پر الیکشن کرانے میں ناکام ہوئی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا جو اب ہو رہا ہے۔ الیکشن ہونا آئینی ضرورت ہے۔ سپریم کورٹ احکامات پر عمل درآمد ضروری ہے۔ امید ہے سٹیٹ بینک کل وعدے کے مطابق الیکشن کیلئے فنڈز جاری کرے گا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جسے کوئی نہیں جانتا وہ بندہ ججز اور 8 رکنی بینچ کے خلاف ریفرنس لاتا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان دلیرانہ فیصلے کریں گے تو تاریخ یاد رکھے گی۔