پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے ملتان میں بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی میں اسکالرشپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے طلبا و طالبات کو مزید ای بائیکس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ طلبا کو مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں آج یہاں بطور وزیراعلیٰ نہیں بلکہ ماں کے طور پر بات کررہی ہوں اور سوال کررہی ہوں کہ اسکالرشپس کا یہ پیسہ آپ کا تھا تو پچھلے 76 سالوں میں آپ کو کیوں نہیں ملا؟ انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے 30 ہزار وظائف میرٹ پر دیے گئے۔
مریم نواز نے حکومت پنجاب کی طرف سے طلبہ و طالبات کی دی جانے والی اسکالرشپس کی تعداد مں اضافہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ طالب علموں کو اگلے سال 50 ہزار اسکالرشپس دی جائیں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے طلبا و طالبات کے لیے بیرون ملک تعلیمی اداروں کے لیے بھی وظائف کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیے:ہونہار اسکالرشپ کے دوسرے مرحلے کا آغاز، مریم نواز کا طلبا کو لیپ ٹاپ اور ای بائیک دینے کا اعلان
وزیراعلیٰ نے پنجاب میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے الیکٹرک بائیکس تقسیم کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں طالب علموں کو 30 ہزار الیکٹرک بائیکس دی گئی ہیں اگلے سال ایک لاکھ مزید ای بائیکس دی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس سب کے بدلے میں چاہتی ہوں آپ وعدہ کریں کہ ملک کے خلاف نہیں جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنا سیاسی نظریہ رکھنا کوئی بری بات نہیں مگر اس کے لیے تمیز کے دائرے میں رہنا ضروری ہے۔