ہونہار اسکالرشپ کے دوسرے مرحلے کا آغاز، مریم نواز کا طلبا کو لیپ ٹاپ اور ای بائیک دینے کا اعلان

پیر 23 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت کے زیر اہتمام ہونہار اسکالر شپ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے تحت راولپنڈی ڈویژن کے 2570 طلبا کو اسکالرشپ دی گئی ہے۔

فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقدہ ہونہار سکالرشپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ رواں برس 30 ہزار اسکالر شپ دے رہے ہیں، آئندہ سال 50 ہزار اسکالرشپ دینے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ہونہار اسکالرشپ پروگرام: پنجاب کے طلبا کب اور کیسے اپلائی کریں؟

’ملکی تاریخ میں پہلی بار پنجاب حکومت نجی یونیورسٹیوں کے طلبا کو بھی اسکالرشپ دے رہی ہے، یہ ہے وہ تبدیلی جو پاکستانی عوام دیکھ رہے ہیں۔‘

طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ اسکالرشپ طلبا کا حق ہے،  60 فیصد اسکالرشپ طالبات کو دی گئی ہیں۔

’یہ آپ کا پیسہ تھا جو آپ کے پاس گیا ہے، آپ کا پیسہ تعلیم پر استعمال ہو، اس سے بہتر کوئی حل نہیں ڈھونڈ سکتے، بہت جلد لیپ ٹاپس بھی دیے جائیں گے۔‘

مزید پڑھیں:ہونہار اسکالرشپ کے لیے کونسی دستاویزات درکار ہیں؟

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ تمام طلبا نے سخت محنت کرکے ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے، ملک کا مستقبل اچھے اور محفوظ ہاتھوں میں ہے، مخالفین کا کام صرف تنقید اور پروپیگنڈا کرنا ہے۔

’بعض بچے ہونہار ہونے کے باوجود اپنی تعلیمی اخراجات برداشت نہیں کرسکتے، مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی سمیت جدید علوم کے حصول میں طلبا کی ہر ممکن مدد کریں گے۔‘

مزید پڑھیں:چین کی 60 بڑی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری پر آمادہ، مریم نواز نے خوشخبری سنادی

وزیر اعلیٰ پنجاب کے مطابق چینی کمپنیاں پنجاب میں الیکٹرک بائیکس کے مینوفیکچرنگ پلانٹس لگائیں گی، انہوں نے بتایا کہ بلاامتیاز عوامی خدمت کا سفر آگے بڑھایا جارہا ہے، اگلے سال طالبات میں میرٹ پر مفت الیکٹرک بائیکس تقسیم کی جائیں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے جیلیں  برداشت کیں، کورٹ میں دھکے بھی کھائے جس وہ کمزور ہونے کے بجائے مضبوط ہوئی ہیں، انہوں نے اپنے مخالفین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بقول ان کے انہیں اتنا مضبوط بنادیا ہے۔

مزید پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ چین سے صوبے کو کیا کچھ ملنے والا ہے؟

’سیاسی مخالفت کی بنیاد پر مجھے کردار کشی کا  سامنا کرناپڑا، میں اتنی مضبوط ہوگئی ہوں کہ  نعرہ لگاؤ ،گالی دو مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘

انہوں نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنا طلبا کو زیب نہیں دیتا، تمام طلبا غور وفکر کریں کہ وہ اپنے ملک کے لیے کیا کرسکتے ہیں، علم کے میدان میں تمام عالمی رحجانات سے اپنے طلبا کو روشناس کرائیں گے،

مزید پڑھیں:مریم نواز نے پنجاب سے اسموگ کے خاتمے کا ٹائم فریم دے دیا

’گالی دینا، بدتمیزی کرنا، بڑوں کا لحاظ نہ کرنا ہماری تربیت نہیں، جس کا جتنا بھی میرٹ ہے اس ملک اور اس مٹی کی وجہ سے ہے، ہمارا ملک ہماری پہچان ہے۔‘

واضح رہے کہ ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے تحت طلبہ کے 100 فیصد تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہوں گے، پروگرام کے پہلے مرحلے میں یونیورسٹی آف پنجاب میں 2473 طلبا کو اسکالرشپ دی جاچکی ہیں۔

ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے تحت یونیورسٹی آف انجینیئرنگ لاہور کے 1886 طلبا کو بھی اسکالر شپ سے مستفید ہورہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp