آسکر ایوارڈز کی تقریب میں جلوہ افروز ہونے کے بعد ہر دلعزیز بھارتی اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے اپنے بھوٹان کے سفر سے انسٹاگرام پر تصاویر کا ایک سیٹ کیا شیئر کیا ہے جس سے دیپیکا نے مداحوں کو اپنی فوٹو گرافی کی مہارت سے خاصا متاثر کیا ہے۔
دلکش چہروں اور دلفریب قدرتی نظاروں سے لے کر مقامی کھانوں تک کی دیپیکا کی کھینچی تصاویر نے بھوٹان یعنی ’تھنڈر ڈریگن‘ کی بہترین عکاسی کی ہے۔ ہیش ٹیگ لینڈ آف دا تھنڈر ڈریگن کے عنوان سے پوسٹ کی گئی 14 مختلف پوسٹ میں شیئر کی گئی ان تصاویر پر انٹرنیٹ صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔
دلچسپ طور انٹرنیٹ صارفین نے 37 سالہ بھارتی اداکارہ کو یہ سکھانے کی کوشش شروع کردی کہ وہ کس طرح ایک ہی پوسٹ میں تمام تصاویر شیئر کرسکتی تھیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ سلائیڈ کا آپشن بھی ہے بہن!
ایک جانب ایک انسٹاگرام صارف نے حیرت سے دریافت کیا ’بھوٹان کی سیاحت کا نیا سفیر؟‘ تو دوسری جانب ان کی اسکول کے بچوں کے ہمراہ تصویر پر ایک نے تبصرہ کیا کہ ’آپ تھریڈ پوسٹ کر سکتے تھے… لیکن ٹھیک ہے۔‘
تبصرے چاہے کچھ بھی رہے ہوں حقیقت یہی ہے کہ دیپیکا کی فوٹو گرافی کی مہارت سے ان کے مداح حیران رہ گئے۔
’پٹھان‘ میں اپنے ایکشن اوتار سے فلم بینوں کو متاثر کرنے کے بعد، دیپیکا پڈوکون اب سدھارتھ آنند کی فلم ’فائٹر‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ وہ اس ایکشن انٹرٹینر میں ہریتک روشن کے ساتھ فریم شیئر کریں گی۔
فلم میں دیپیکا کے کردار کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے، سدھارتھ آنند کا کہنا تھا کہ ’ٹھان’ میں، وہ ایک جاسوس تھی جب کہ ‘فائٹر’ میں وہ ایک ایئر فورس افسر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
’ایسا مستند کردار جس کی معاشرے میں جڑیں ہیں اور اس کی تحقیق شاندار رہی ہے۔ دیپیکا حقیقی زندگی کے کرداروں کو خوبصورتی سے نبھاتی ہیں۔‘
سدھارتھ آنند کے مطابق اگرچہ ’پٹھان‘ میں ان کا کمرشل اور غیر معمولی کردار تھا، لیکن ’فائٹر‘ میں وہ بہت مستند کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔’فائٹر’ کے علاوہ پڈوکون پربھاس اور امیتابھ بچن کے ہمراہ ایک اور فلم منصوبہ کا بھی حصہ ہیں۔