کراچی میِں نادرا میگا سینٹرز میں دو نئے پاسپورٹ مراکز نے کام کا آغاز کردیا ہے، ضلع وسطی اور غربی میں قائم کاؤنٹرز 24 گھنٹے کام کریں گے، نئے پاسپورٹ آفس نادرا میگا سینٹر ناظم آباد اور سیمنز چورنگی سائٹ میں قائم کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا نے ’ب‘ فارم میں اہم ترین تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا
ان 2 نادرا مراکز میں 10 پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں، جس سے شہری مستفید ہوسکیں گے، ناظم آباد اور سائٹ نادرا میگا سینٹرز میں پاسپورٹ کاؤنٹرز 24 گھنٹے سہولت فراہم کریں گے۔
اس سے قبل مرکزی پاسپورٹ آفس صدر، کلفٹن، عوامی مرکز اور ملیر میں پاسپورٹ آفس قائم ہیں جبکہ عوامی مرکز پاسپورٹ آفس عوامی سہولت کے لیے اپنی خدمات 24 گھنٹے فراہم کررہا ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا میگا سینٹرز میں 24گھنٹے پاسپورٹس پروسیسنگ کاؤنٹرز قائم کرنے کااعلان کیا تھا جس پر محکمہ پاسپورٹس کی جانب سے عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: 27 لاکھ شہریوں کا ریکارڈ نادرا سے چوری ہوا، چیئرمین نادرا کا اعتراف
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس مصطفیٰ جمال کے مطابق نادرامیگاسینٹرز میں بنائے گئےپاسپورٹس پروسیسنگ کاؤنٹرز سےشہری 24 گھنٹے مستفید ہوسکیں گے۔ ’پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرز کا دائرہ کار ملک بھر میں بڑھایا جا رہا ہے، اسلام آباد میں قائم دفتر پہلے ہی 24/7 کردیا گیا ہے۔‘
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق پاسپورٹس کے اجرا میں تاخیر کا مسئلہ پوری طرح حل کرلیا گیا ہے، کراچی میں عوامی مرکز جبکہ لاہور میں گارڈن ٹاؤن کے دفاتر بھی عوام کی خدمت کے لیے 24گھنٹے کھلے ہیں۔