سینئر کامیڈین، اداکار اکرم اداس پاکستان کے ایک مشہور فنکار ہیں جنہوں نے پاکستانی فلموں، ڈراموں، لائیو ٹیلی ویژن اور تھیٹر میں کام کیا۔ وہ ان فنکاروں میں بھی شامل ہیں جنہوں نے ہندوستانی پنجابی فلموں میں بھی کام کیا جو بلاک بسٹر بن گئیں۔
اکرم اداس حال ہی میں وصی شاہ کے شو میں بطور مہمان شریک ہوئے۔ انہوں نے اپنے ماضی کی دردناک کہانی مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔ اکرم اداس نے انکشاف کیا کہ وہ ایک امیر گھرانے سے تعلق رکھتے تھے لیکن آہستہ آہستہ سب کچھ ختم ہو گیا کیونکہ ان کے والد جرائم کی دنیا میں آ گئے اور ان کے ہاتھوں 5 لوگ مارے گئے تھے۔ پھر انہیں گرفتار کر لیا گیا اور عدالتی معاملات کے لیے تمام جائیداد بیچ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ راکھی ساونت کی نئے سال پر مدینہ منورہ سے جاری ویڈیو وائرل
اکرم اداس کے مطابق ان کے والد 14 سال تک جیل میں رہے، جب وہ 6 یا 7 سال کے تھے تو والد جیل گئے اور جب وہ 21 سال کے ہوئے تو والد جیل سے باہر آئے۔ اکرم اداس نے بتایا کہ والد کی وفات کے 40 سال کے بعد انہوں نے مقتولین کے اہلِ خانہ کو تلاش کرنے کا فیصلہ کیا اور ان سے خود جا کر معافی مانگی کیونکہ انہیں لگتا تھا کہ اگر ان لوگوں نے معاف نہ کیا تو ان کے مرحوم والد کو سکون نہیں ملے گا۔
اپنی کہانی سناتے ہوئے اکرم اداس جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بہت مشکل وقت تھا لیکن ان لوگوں نے میرے والد کو معاف کر دیا اور ہمیں اپنے گھر کھانے پر مدعو کیا اور مختلف تحفے تحائف بھی دیے۔ اکرم اداس نے کہا کہ معاف کرنا ہمیشہ بدلے سے بہتر ہوتا ہے۔