پشاور میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور نے بتایا کہ انتظامیہ نے رنگ روڈ پر واقع گودام پر چھاپہ مارا جہاں سے چینی کی 50 کلو والی 6500 بوریاں برآمد ہوئی ہیں اور موقع سے 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چینی کو کنٹینروں میں سٹور کیا گیا تھا جس پر انتظامیہ نے تمام کنٹینرز کو موقع پر سیل کرتے ہوئے چینی کو ضبط کر لیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چینی کو مصنوعی گرانفروشی کے لیے ذخیرہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ملک میں چینی کی قلت کا وزیراعظم نے بھی نوٹس لیا تھا اور اتوار کے روز لاہور میں ہونے والے اجلاس میں بھی شہباز شریف نے واضح ہدایات دی ہیں کہ چینی کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عوام کو منافع خوروں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔
یہ بھی یاد رہے کہ پشاور میں چینی کی قیمت 140 روپے کلو تک جا پہنچی ہے جبکہ رمضان سے قبل چینی کی قیمت 95 سے 100 روپے کلو تھی۔