لاہور میں کچھ عرصہ قبل ہوا قتل کیس حل کرلیا گیا جس کے دوران یہ بھی عقدہ کھلا کہ قاتل نے ایک حیرت انگیز اجرت کے بدلے اس گھناؤنے عمل کی ذمے داری نبھائی۔
پولیس کے مطابق سبزہ زار کے علاقے میں ہونے والے شہری کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا ہے اور مقتول کا ہم زلف ہی اس کا قاتل نکلا جس نے عمرے کے 2 ٹکٹس دے کر شوٹر سے وہ قتل کروایا۔
ڈی ایس پی سبزہ زار عامر ملک کے مطابق عمرے کے 2 ٹکٹس کے عوض شہری ریاض کو قتل کرنے والے شوٹر عثمان کو لاہور کے تھانے سبزہ زار کی حدود سے گرفتار کیا گیا ہے، انکشاف ہوا ہے کہ شہری ریاض کو اس کے ہم زلف نے شوٹر کی مدد سے قتل کروایا۔
یہ بھی پڑھیں: شہری کا بیوی بچوں کے سامنے قتل، ویڈیو وائرل
پولیس کے مطابق ملزم عثمان نے 2 جنوری کو شہری عثمان کو لاہور کے علاقے سبزہ زار میں قتل کیا تھا، پولیس نے 3 دن کے اندر اندر ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا، ملزم کو قتل کے عوض عمرے کے 2 ٹکٹس اورموٹرسائیکل لے کر دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، مقتول ریاض کو ہم زلف امتیاز نے شوٹر سے قتل کروایا۔
ایس پی اقبال کے مطابق قتل کی واردات جائیداد کے تنازع پر ہوئی، شوٹر کو مقتول کے موبائل فون پر آنے والی موبائل فون کال سے ٹریس کیا گیا، مقتول وقوعہ کے وقت اپنی اہلیہ کے ہمراہ بدھ بازار خریداری کے لیے آیا تھا، مقتول کے ہم زلف امتیاز کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: خیرپور میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد کے قتل کا ڈراپ سین، قاتل کون نکلا؟
ڈی ایس پی سبزہ زار عامر ملک کا کہنا ہے ملزم عثمان عرف گرو کو ہیومن انٹیلیجنس اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزم عثمان ریکارڈ یافتہ مجرم اور تھانہ فیکٹری ایریا ضلع شیخوپورہ کو مطلوب اشتہاری تھا۔