پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) اور پاک آرمی کی کوششوں سے ہاکی اسٹیڈیم کی رونقیں ایک بار پھر بحال ہوگئی ہیں۔
ہاکی اسٹیڈیم میں مرمت کا کام مکمل ہوتے ہی پی ایچ ایف اور پاک آرمی کے زیر انتظام 68ویں ڈی ایچ اے کراچی قومی سینیئر ہاکی چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا گیا۔ ہاکی اسٹیڈیم میں ہونے والے چیمپئین شپ میں 14 ٹیموں نے حصہ لیا۔
ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کسٹمز کی ٹیم کا مقابلہ نیشنل بینک کی ٹیم سے جبکہ ماڑی پٹرولیم کا مقابلہ ائیر فورس کی ٹیم سے ہوا۔
یہ بھی پڑھیے:پولو کے لیے مشہور ’شندور‘ میں سجا آئس ہاکی کا میلہ
چیمپیئن شپ کے فائنل تک پاکستان کسٹمز اور ماڑی پیٹرولیم کی ٹیموں نے رسائی حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کے بعد پاکستان کسٹمز کی ٹیم نے ماڑی پیٹرولیم کو 9 گولز کے مقابلے میں 10 گولز سے شکست دے کر چیمپیئن شپ اپنے نام کرلی۔
اس ایونٹ کے فائنل میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن میر طارق حسین بگٹی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کوششوں سے ہاکی گراؤنڈ بڑے عرصے بعد دوبارہ آباد ہوچکا ہے۔
اس موقع پر کور کمانڈر کراچی نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور قوم کا ہر فرد اور تمام اسٹیک ہولڈرز اس کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔