چھوٹے اور درمیانے کاروباری طبقہ کی ہر ممکنہ مدد کر رہے ہیں، گورنر اسٹیٹ بنک

جمعرات 9 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر اسٹیٹ بنک جمیل احمد نے پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ ملک میں چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں اور کاروباری انٹرپرائزز کے فروغ کے لیے ہر ممکنہ مدد کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز‘ (ایس ایم ایز) کے فروغ اور ان کی معاونت کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف نے 3 میٹینگز بلائیں جن میں ایس ایم ایز کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔

گورنر اسٹیٹ بنک کا کہنا تھا کہ ایس ایم ایز کو درپیش فنانسنگ سے متعلق معاملات پر اسٹیٹ بنک حکومت کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایس ایم ایز کے لیے بنکوں کی طرف سے کی جانے والی فنانسنگ کی حد میں اضافہ کیا۔ چھوٹے انٹرپرائزز کے لیے یہ حد 100 ملین تک بڑھا دی ہے جبکہ درمیانے انٹرپرائزز کے لیے اس حد میں 500 ملین تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:خواتین کے بہتر روزگار کے لیے بلا سود قرضہ سہولت کا اجراء کیا جا رہا ہے، اسٹیٹ بینک

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایس ایم ایز کو یہ سہولت دی ہے کہ وہ کسی بھی بنک سے 10 ملین روپے تک قرض لے سکتے ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بنک نے کہا ہے کہ اگلے 5 سال میں ایس ایم ایز کو فلو آف کریڈ 543 بلین سے دوگنا زیادہ کرکے 1.1 بلین تک لے جائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم نے بنکوں کا ایس ایم ایز پر اعتماد بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔ گورنر اسٹیٹ بنک کے مطابق ایس ایم ایز کو قرض دینے کے معاملے میں بنک کو نقصان ہو تو چھوٹے انٹرپرائز کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا 20 فیصد حکومت برداشت کرے گی جب کہ درمیانے انٹرپرائز کے نقصان کا 10 فیصد حصہ حکومت اٹھائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp