وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن 15 جنوری بروز بدھ کو اوول آفس سے قوم سے الوداعی خطاب کریں گے۔ ترک نیوز ایجنسی انادولو کی رپورٹ کے مطابق جوبائیڈن نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری سے چند روز قبل اگلے ہفتے قوم سے الوادعی خطاب کریں گے۔
جوبائیڈن اپنے دور حکومت میں اپنی خارجہ پالیسی کے علاوہ اپنی انتظامیہ کی جانب سے دنیا میں امریکا کے مقام کے بارے میں کیے جانے والے اقدامات سے بھی قوم کو آگاہ کریں گے۔ امریکی صدر نے آخری بار اوول آفس سے خطاب کے دوران 2024 کے صدارتی انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے سکتا تھا، امریکی صدر جو بائیڈن کا دعویٰ
بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینیئر عہدیدار کے مطابق جب صدر بائیڈن نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت ہمارے اتحادی شدید متاثر تھے اور ہم چین کے ساتھ اپنے مقابلے میں پیچھے رہ رہے تھے۔ امریکی فوجی اس وقت تک امریکا کی طویل ترین جنگ میں مصروف تھے اور ہمارے مخالفین مضبوط ہو رہے تھے جبکہ دنیا کو عالمی وبائی مرض کا بھی سامنا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے ان تمام چینلجز کا سامنا کیا اور اب جب وہ عہدہ چھوڑنے جارہے ہیں تو ملک پہلے سے زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہے جبکہ ہم نے امریکی عوام کے لیے بہتر نتائج فراہم کیے ہیں۔
بائیڈن انتظامیہ کے عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر اپنے الوداعی خطاب میں ان تمام باتوں کا ذکر کریں گے کہ کس طرح ہمارے اتحاد اور شراکت داریاں ہمارے کام کی بدولت اب تک کی سب سے مضبوط ہیں۔