چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد کا مستحق افراد کے مسائل سننے کے لیے لائیو ای کچہری کا انعقاد کیا اور افسران کو مستحقین کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کردی۔
روبینہ خالد نے لائیو ای کچہری میں ایک گھنٹہ 10 منٹ تک مستحقین کے مسائل سنے اور اس دوران ملک بھرسے 32 کالرز نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سے بات کی۔
یہ بھی پڑھیں بی آئی ایس پی کے زیراہتمام نوعمر لڑکیوں کی غذائی ضروریات پر مبنی سماجی تحفظ پروگرام کا آغاز
ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ عائشہ نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کو لائیو ای کچہری میں کال کرکے بتایا کہ ان کی والدہ مستحق تھیں اور پروگرام سے پیسے وصول کرتی تھیں، لیکن اب ان کے مالی حالات کچھ بہتر ہوگئے ہیں اس لیے وہ پروگرام سے نام نکلوانا چاہتے ہیں تاکہ یہ امداد کسی دوسرے مستحق گھرانے کو دی جا سکے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے آٹھویں جماعت کی طالبہ عائشہ کو سچائی کی مثال قائم کرنے پر بے حد سراہا اور ان کے گھر آنے کا وعدہ کیا۔
چیئرپرسن روبینہ خالد نے کہاکہ یہ ہمارے لیے بہت اچھا ہوگا کہ اگر ایسے افراد جو یہ سمجھتے ہوں کہ وہ اب مستحق نہیں رہے تو وہ رضاکارانہ طور پر سامنے آئیں اور ہماری انتظامیہ سے رابطہ کریں تاکہ انہیں پروگرام سے خارج کرکے ان کے بجائے دیگر مستحق افراد کو شامل کرلیا جائے۔
چیئرپرسن روبینہ خالد نے مزید کہاکہ 2 سال سے قبل دوبارہ سروے ممکن نہیں، اس لیے بار بار سروے کی غرض سے اپنے لیے پریشانی کا سبب پیدا نہ کریں۔
انہوں نے کہاکہ ہم تعلیمی وظائف پروگرام کے ذریعے اسکول نہ جانے والے بچوں کی تعلیم پر توجہ مرکوز کررہے ہیں۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بتایا کہ اب کوئی سرکاری ملازم اس پروگرام سے مستفید نہیں ہوسکتا۔
ای کچہری کے اختتام پر مستحق خواتین کے لیے اپنے پیغام میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہاکہ ہم بی بی شہید کے غریب عوام کی خدمت کے اس مشن کو ای کچہری کے ذریعے ان کی شکایات سننے اور ان کے ازالے کے سلسلہ جاری رکھیں گے۔ 080026477 پر شکایات کا اندراج کرایا جاسکتا ہے۔ 8171 بی آئی اس پی کا واحد سرکاری نمبر ہے اس کے علاوہ اگر کسی دوسرے نمبر سے پیغام آئے تو وہ فراڈ ہے اس کی فوری شکایت کریں اور اس نمبر پر اپنی ذاتی معلومات شیئر نہ کریں۔
انہوں نے کہاکہ جنوری 2025 سے کفالت سہ ماہی قسط 10500 سے بڑھا کر 13500 روپے کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں مستحق خواتین کب رقم وصول کرنے جائیں؟ چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد کی اہم ہدایات
سینیٹر روبینہ خالد نے کہاکہ صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات ہیں کہ یہ رقم غریب خواتین تک شفافیت اور عزت سے پہنچائی جائے۔ اس لیے آپ جب بھی رقم وصول کریں تو گن کر پوری رقم حاصل کریں اور کٹوتی کی صورت میں ہمیں دیے گئے نمبر پر رپورٹ کریں۔