بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان کو گذشتہ رات ایک نامعلوم شخص نے ان کے گھر گھس کر چاقو سے حملہ کر کے زخمی کر دیا جس کے بعد انھیں لیلاوتی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے اب بالی ووڈ کی نامور اداکارہ کرینہ کپور کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں ان کی ٹیم نے کہا ہے کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور کے گھر میں گزشتہ رات ڈکیتی کی واردات کی کوشش کی گئی اس دوران سیف علی خان کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور وہ اسپتال میں زِیر علاج ہیں۔
کرینہ کپور کی ٹیم کی جانب سے مداحوں سے درخواست کی گئی کہ وہ صبر سے کام لیں اور اس معاملے پر مزید قیاس آرائیاں نہ کریں کیونکہ پولیس اپنی تحقیقات کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ اداکار سیف علی خان چاقو حملے میں زخمی، اسپتال منتقل
اداکار سیف علی خان کی ٹیم نے بھی اس معاملے پر باقاعدہ ایک بیان جاری کیا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ سیف علی خان کے گھر پر چوری کی واردات کی کوشش کی گئی۔ اس وقت وہ اسپتال میں ہیں اور ان کی سرجری ہو رہی ہے جبکہ پولیس اس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ جمعرات کی رات تقریباً 2 بجے پیش آیا، اس دوران سیف علی خان کی چور سے ساتھ ہاتھا پائی ہوئی اور وہ زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور فرار ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: سیف علی خان نے فوٹوگرافرز کو اپنی خواب گاہ میں کیوں بلایا؟
بعدازاں، انہیں لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس معاملے میں باندرہ پولیس نے ایک نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق، سیف کی گردن پر 10 سینٹی میٹر کا زخم ہے، انہیں کل 6 زخم آئے ہیں جن میں سے 2 گہرے زخم ہیں۔ سیف کے ہاتھ اور پیٹھ پر بھی چوٹیں آئی ہیں۔ ان کی پیٹھ میں کوئی تیز دھار چیز گھونپی گئی تھی جسے کل رات آپریشن کے ذریعے نکال دیا گیا۔
ممبئی پولیس کے مطابق جب نامعلوم شخص سیف کے گھر میں داخل ہوا تو اس نے ان کے ہاؤس ہیلپر سے جھگڑنا شروع کردیا۔ سیف علی خان نے مداخلت کرکے نامعلوم شخص کو روکنے کی کوشش کی تو اس نے سیف علی خان پر حملہ کردیا۔ اس کے بعد سیف علی خان زخمی ہو گئے۔