190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کو سزا پر سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہوگئی

جمعہ 17 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

عمران خان کو سزا دینے کے فیصلے کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی اس پر خوب تبصرے کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا گیا کہ سیرت النبی ﷺ کی تعلیم دینے کے لیے بنائی گئی القادر یونیورسٹی کے جرم میں عسکری عدالت نےعمران خان کو سزا دے دی۔

صحافی امیر عباس نے لکھا کہ کوئی 7 سال سزا دلوانا چاہتا تھا، کوئی 10 سال اور کوئی 14 سال لیکن ان ٹاؤٹس کو یہ احساس ہی نہیں ہو رہا کہ جو شخص فسطائیت کی انتہا جھیلنے کے بعد بھی یہ نعرہ مستانہ لگا رہا ہو کہ

جس دھج سے کوئی مقتل میں گیا وہ شان سلامت رہتی ہے

یہ  جان  تو  آنی  جانی  ہے  اس  جاں  کی  تو کوئی  بات  نہیں

تو ایسے شخص کو صرف مزاحمت کی علامت بننے پر دی جانیوالی یہ سزائیں کیا خاک زیر کر سکیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ ایسی انتقامی سزاؤں سے اپنی چھاتی چوڑی کر رہے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ جیل سے بیٹھ کر ان کی چھاتی پر مونگ دَل رہا ہے

شفاعت علی نے لکھا کہ عمران خان کو پھنسانے والے سارے کردار آج مفرور ہیں۔

سابق وفاقی وزیر چوہدری مونس الٰہی نے لکھا کہ سیرت النبیﷺ کے فروغ کے لیے القادر یونیورسٹی کے قیام کے ’سنگین جرم‘ پرعمران خان کو 14 سال اور اُن  کی اہلیہ بشری بی بی کو 7  سال قید کی سزا دے دی گئی۔ انشااللہ یہ بھونڈا کیس ہائیکورٹ سے اُڑ جائے گا۔

وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ میگا کرپشن سکینڈل عمران خان کی منافقت اور کرپشن کو بے نقاب کرتا ہے۔ وہ شخص جو دوسروں پر کرپشن کا الزام لگاتا رہا، خود کرپشن کے سب سے بڑے مقدمے میں سزا یافتہ ہو گیا۔ عمران خان ملکی سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکو ثابت ہوچکا ہے۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آج سچائی اور انصاف کی جیت ہوئی۔ عمران خان کا ایمانداری والا ڈھونگ کھل کر سامنے آگیا۔ 190 ملین پاؤنڈ میگا کرپشن سکینڈل میں سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والے کے طور پر بے نقاب ہو گیا۔ آج کا فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جلد ہو یا دیر، سچ سامنے آہی جاتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ سرکار کا پیسہ ملک ریاض کو کیوں دیا؟

پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو 14 سال کی سزا سنانا آئین و قانون کے ساتھ بھونڈا مذاق ہے۔ آج جج کا کردار ایک سہولت کار کا تھا جس کو صرف فیصلہ سنانے کے لیے بیجھا گیا تھا کیونکہ سب کو پتہ ہیں کہ فیصلہ کہاں لکھا گیا۔ جو پیسے عمران خان کے اکاؤنٹ آئے ہی نہیں اور اس سے عمران خان کو کوئی فائدہ نہیں ہواتو پھر کس بات کا کیس بنتا ہے۔ عمران خان نے ایک اسلامک ٹرسٹ یونیورسٹی بنائی جس کی ان کو سزا دی جارہی ہے۔

 واضح رہے کہ یہ فیصلہ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 18 دسمبر 2024 کو محفوظ کیا تھا جو 3 مرتبہ موخر کیے جانے کے بعد جمعہ کو اڈیالہ جیل میں سنایا گیا۔

190 ملین پاؤنڈ کیس کیا ہے؟

نیب کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض نے وزیرِاعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کو القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کے لیے موضع برکالا، تحصیل سوہاوہ ضلع جہلم میں واقع 458 کنال، 4 مرلے اور 58 مربع فٹ زمین عطیہ کی ہے جس کے بدلے میں مبیّنہ طور پر عمران خان نے ملک ریاض کو 50 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا تھا۔

 اکتوبر 2022 میں نیب نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی تھی۔ نیب دستاویزات کے مطابق 3 دسمبر 2019 کو عمران خان کی زیرِ صدارت کابینہ اجلاس میں ملک ریاض کو برطانیہ سے ملنے والی 50 ارب روپے کی رقم بالواسطہ طور پر واپس منتقل کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔ یہ رقم برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض سے منی لانڈرنگ کے الزامات پر ضبط کی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ایتھوپیا میں غیر معمولی آتش فشانی دھماکا، پروازیں منسوخ، راکھ کا بادل پاکستان کے قریب

فرح خان کی یو ٹیوب آمدن زیادہ ہے یا فلم سے کمائی، بالی ووڈ ہدایت کار کا انکشاف

تشدد اور بال کاٹنے کی وائرل ویڈیو، متاثرہ لڑکی کا بیان سامنے آگیا

بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 22 خارجی دہشتگرد ہلاک

خواتین پر ڈیجیٹل تشدد کے خاتمے کے لیے متحد ہونا ہوگا: صدر آصف زرداری

ویڈیو

لاہور ریلوے اسٹیشن پر ٹھیکیداری نظام کا خاتمہ، قلیوں کا ’بوجھ‘ کم

سوات میں زعفران کی کاشت، نتائج بیان الاقوامی معیار سے بھی بہتر

ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ کیوں؟ حکومت اور پی پی پی اتحاد ختم؟ پی پی پی دوڑ سے باہر؟

کالم / تجزیہ

دیوبند کا سب سے بڑا محسن : محمد علی جناح

پاکستان کا جی ایس پی پلس سفر جاری رہے گا

جیو پالیٹکس اور مذہبی عینک