وطن عزیز کی وہ جنت نظیر وادیاں جو آپ کی عید تعطیلات کی خوشیاں دوبالا کرسکتی ہیں

اتوار 23 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں اس مرتبہ عید الفطر کے موقع پر 5 روز کی عام تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے جس کے باعث توقع ہے کہ بیشتر افراد یہ چھٹیاں اپنے اہلِ خانہ یا دوستوں کے ہمراہ سیاحتی مقامات پر گزارنا پسند کریں۔

توقع کی جارہی ہے کہ عید کی ان چھٹیوں کے دوران پاکستان کے سیاحتی مقامات خصوصاً خیبر پختونخوا اور شمالی علاقہ جات کی طرف سیاحوں کی بڑی تعداد رخ کرے گی۔

اگر آپ بھی ایسا ہی سوچ رہے ہیں تو آیئے آپ کو بتاتے ہیں کہ اس عید پر وہ کون سے سیاحتی مقامات ہیں جہاں آپ عید کی چھٹیاں گزار کر ان کا مزہ دوبالا سکتے ہیں۔

سوات کے سیاحتی مقامات

خیبر پختونخوا کا ضلع سوات سیاحتی مقامات کی وجہ سے منفرد مقام رکھتا ہے۔ اس حسین وادی میں بیشتر ایسے مقامات ہیں جن کا زیادہ تر سیاحوں کوعلم نہیں لیکن وہ جگہیں دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔

وادی سوات میں گبین جبہ ایک نیا سیاحتی مقام ہے جسے 4 سال قبل ہی سیاحتی مقام کا درجہ دیا گیا ہے تاہم اب بھی اس سے زیادہ تر سیاح واقف نہیں ہیں۔ مینگورہ سے 65 کلو میٹر کے فاصلے پر سرسبز میدان، قدرتی چشمے، آبشاریں اور برف پوش پہاڑوں پر مشتمل گبین جبہ سیاحوں کے لیے ایک منفرد اور حسین مقام ہے۔

مینگورہ سے 65 کلو میٹر کے فاصلے پر موجود گبین جبہ سیاحوں کے لیے ایک منفرد اور حسین مقام ہے: تصویر: عظمت اکبر

سوات شہر سے 35 کلومیٹر کے فاصلے پر مہوڈنڈ جھیل کے بارے میں تذکرہ تو سوشل میڈیا پر آپ نے سنا ہی ہوگا۔ اس مقام پر 3 مختلف چھوٹی جھیلیں سیاحوں کو بھرپور تفریح فراہم کرتی ہیں لیکن کچی سڑک کے باعث زیادہ تر سیاح اس سیاحتی مقام کا رخ کرنے سے کتراتے ہیں حالانکہ اگر سوات شہر سے جیپ کے ذریعے یہ مسافت طے کرلی جائے تو مہوڈنڈ جھیل کا نظارہ عید کی چھٹیوں کا لطف دوبالا کرسکتا ہے۔

سوات کے ہی علاقے میں ایک خوبصورت چراہ گاہ چوگیل میڈوز کے نام سے بھی جانی جاتی ہے۔ یہاں بھی قدرتی آبشاریں اور برف پوش پہاڑ سیاحوں کا استقبال کرتے ہیں۔

کمراٹ ویلی

خیبرپختونخوا کے ضلع دیر میں کمراٹ ویلی آج کل سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔ کمراٹ ویلی آج سے چند سال قبل تک سیاحت کے اعتبار سے اتنی معروف نہیں تھی لیکن اب سیاحوں کی بڑی تعداد اس وادی کا رخ کرتی ہے۔ وہاں دیر اور وادی کالام دونوں جانب سے جایا جاسکتا ہے اور دونوں راستوں کا اپنا ایک الگ حسن ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع دیر میں کمراٹ ویلی آج کل سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے: تصویر: موسی کلیم

شمالی علاقہ جات کے سیاحتی مقامات

شمالی علاقہ جات کی جانب سیاح ہمیشہ طویل چھٹیوں کے دوران ہی رخ کرتے تھے لیکن اسلام آباد سے تھاکوٹ تک موٹر وے بننے کے بعد اب وہاں کے سیاحتی مقامات کا قلیل مدتی چھٹیوں میں بھی رخ کیا جاسکتا ہے۔ اسلام آباد سے ہنزہ ویلی کا سفر پہلے کے مقابلے میں کافی کم ہوکر اب 12 سے 15 گھنٹے تک کا رہ گیا ہے جس کے باعث رواں برس عید کی چھٹیاں ہنزہ ویلی میں بھی گزاری جاسکتی ہیں۔

نتھیا گلی پائپ لائن ٹریک

ڈونگا گلی کے مقام سے ایوبیہ کے جنگل کے بیچ ٹریک کا سفر بھی عید کی چھٹیوں کی خوشیوں کو چار چاند لگا سکتا ہے۔ پائپ لائن ٹریک پر قدرتی جنگلات کا نظارہ اور چرند و پرند کی سحر انگیز آوازیں شہر کی پُرہجوم زندگی سے کچھ دیر کے لیے بے خبر کردیتی ہیں۔ قدیم پائپ لائن ٹریک ’رین فارسٹ‘ سے ہوتی ہوئی ایوبیہ کے پُرفضا مقام تک لے جاتی ہے۔

خانسپور

ہمارا مشورہ تو یہ ہے کہ اگر آپ ایوبیہ جاتے ہیں تو پھر وہاں سے ڈیڑھ سے 2 کلومیٹر دُور ایک اور چھپا ہوا خزانہ بھی دریافت کرلیں جسے خانسپور کہتے ہیں۔ گو اس کے بارے میں بھی ہر سیاح کو پتہ نہیں ہوتا لیکن وہاں کے پُرسکون ماحول اور حسین مناظر سے آپ ضرور لطف اندوز ہوں گے۔

اگر آپ ایوبیہ جاتے ہیں تو پھر وہاں سے ڈیڑھ سے 2 کلومیٹر دُور ایک اور چھپا ہوا خزانہ بھی دریافت کرلیں جسے خانسپور کہتے ہیں: تصویر: موسی کلیم

خانسپور کے خوبصورت ٹریک اور اس پر پتھروں سے بنے قدیم طرز کے بنگلوز دیکھنے والوں کو مبہوت کردیتے ہیں۔ وہاں موجود کرکٹ اسٹیڈیم کا بھی اپنا الگ ہی حُسن ہے۔

خانسپور جاکر چند ایک گھنٹوں میں واپس ایوبیہ بھی آیا جاسکتا ہے اور اگر آپ وہیں کچھ رکنا پسند کریں تو رہائشی ہوٹل تو وہاں موجود ہیں ہی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp