بنگلہ دیش اور انڈیا کے شہریوں کے درمیان چاپائی نواب گنج کی سرحد پر ہونے والی جھڑپ کے بعد بنگلہ دیشی بارڈر گارڈز کو نئے اختیارات مل گئے ہیں۔
ہوم افیئرز ایڈوائز جنرل (ر) محمد جہانگیر عالم چوہدری نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی سرحدوں کی محافظ فورس ’بارڈر گارڈ بنگلہ دیش‘ کو ساؤنڈ گرینیڈز اور آنسو گیس شیل استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ڈھاکا میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چاپائی نواب گنج میں حالیہ واقعے کے بعد بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) کو یہ ہتھیار خریدنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:بنگلہ دیش میں قانون نافذ کرنیوالے اہلکاروں کی نئی یونیفارم کی منظوری
انہوں نے کہا کہ چاپائی نواب گنج میں ہونے والے واقعے میں بی جی بی کے پاس یہ ہتھیار نہیں تھے تاہم اب ان کی خریداری کی منظوری دے دی گئی ہے اس لیے جلد ہی ان کی خریداری بھی کی جائے گی جس کے بعد سرحد پر پیش آنے والی ایسی جھڑپوں میں ان کا استعمال کیا جاسکے گا۔
یاد رہے کہ 18 جنوری کو چاپائی نواب گنج کے علاقے سرحد پر انڈیا اور بنگلہ دیشی کسانوں کے درمیان ایک تنازعے کے بعد جھڑپ ہونے سے 3 بنگلہ دیشی شہری زخمی ہوگئےتھے جس کے بعد سرحد پر دونوں ممالک کے درمیان صورتحال کشیدہ ہے۔