صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سیّد عاصم منیر سے ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل ڈاکٹر محمد باقری نے ملاقات کی ہے۔
صدر مملکت اور ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات میں دوطرفہ اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اور پاکستان و ایران کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں بارڈر پر دہشتگردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنانے پر پاکستان ایران کا اتفاق
اعلامیہ کے مطابق دونوں برادر ممالک نے باہمی مفاد میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا گیا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ چیلنج ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کو مؤثر اور مربوط اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے غزہ اور لبنان پر پاکستان کے مؤقف کو سراہا۔
دریں اثنا پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری کی ملاقات پیر کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان اور ایران کا 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ خودمختار فلسطینی ریاست کے مؤقف کا اعادہ
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر میجر جنرل محمد باقری نے جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر پھول رکھے، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔