کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کی کمٹمنٹ الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتی، وزیراعظم شہباز شریف

بدھ 22 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھےگا، وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام آزاد فضا میں سانس لیں گے۔ کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کی کمٹمنٹ الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی بھی کشمیر کاز کے ساتھ وابستگی غیرمتزلزل ہے۔

آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک سال کی ریکارڈ مدت میں دانش اسکول کا آغاز ہوجائےگا، پونچھ اور نیلم میں بھی منصوبوں کا سنگ بنیاد جلد رکھ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں بھارت کبھی بھی مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ نہیں بنا سکے گا، وزیراعظم شہباز شریف

انہوں نے کہاکہ دانش اسکول پسماندہ اور مستحق بچوں کے خوابوں کی تعبیر ثابت ہوگا، یہ نواز شریف کا منصوبہ تھا جس کے تحت ملک میں اب تک ہزاروں بچے اور بچیاں فارغ التحصیل ہوکر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ اگر دانش اسکولوں کا قیام عمل میں نہ لایا جاتا تو وسائل نہ رکھنے والے بچے اور بچیاں تعلیم حاصل نہ کرسکتے، کیونکہ ان اسکولوں میں یتیم اور غریب بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہاکہ دانش اسکول میں بچوں اور بچیوں کے الگ الگ سینٹرز ہوں گے، جبکہ کھیلوں کے میدان بھی علیحدہ ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ دانش اسکولز کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرےگی، اس کے علاوہ آزاد کشمیر بھر میں تعلیمی اداروں کا جال بچھایا جائےگا۔

وزیراعظم نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، لیکن وہ وقت آئےگا جب کشمیری آزاد فضا میں سانس لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں وزیر اعظم شہباز شریف کا کشمیر پالیسی میں جدت پر زور

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان جلد اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرلے گا، ہمارے معاشی چیلنجز کم ہورہے ہیں، آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp