پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے آج جیل میں مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو وقت دیا تھا کہ وہ جوڈیشل کمیشن بنائے لیکن انہوں نے ہمارے مطالبات پر کوئی پیش رفت نہیں دکھائی، لہٰذا آج کے بعد کوئی مذاکرات نہیں ہونگے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی ڈائیلاگ میں ڈیڈلاک، پی ٹی آئی نے مذاکرات کے چوتھے راؤنڈ میں شرکت سے انکار کردیا
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری تو بڑی خواہش تھی کہ مذاکرات ہوں اور کامیاب ہوں، مگر سیاسی اختلافات اتنے ہیں کہ برف پگھل نہیں رہی، عمران خان نے کہا ہے کہ ہم تمام اپوزیشن جماعتوں کو اکھٹا کریں گے اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ اگر آج 3 سینیئر ججوں پر مشتمل جوڈیشل کمیشن کا اعلان نہیں کیا گیا تو پھر مذاکرات ختم ہوجائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئی بیک ڈور ڈپلومیسی یا مذاکرات نہیں ہورہے، رانا ثنا اللہ
دوسری جانب حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے مطالبات کا جواب دینے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی تھی اور مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور مذاکراتی کمیٹی کے اہم رکن عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو جواب دینے میں ایک ہفتے کا وقت بھی لگ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کی چوتھی نشست سے قبل ضروری ہے کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے۔ ہماری مذاکراتی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سے قبل ہم چوتھے راؤنڈ میں شرکت نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مذاکرات کا میرے مقدمات سے تعلق نہیں، حکومت جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان کرے، عمران خان
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ اگر حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا جاتا تو بات چیت کا کوئی فائدہ ہی نہیں۔