سندھ ہائیکورٹ میں 12 ایڈیشنل ججز کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ ان ججز کو ایک سال کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
وزارت قانون نے سندھ ہائیکورٹ میں 12 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سندھ ہائیکورٹ میں 12 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے 12 ناموں کی منظوری دیدی
نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں 12 ایڈیشنل ججز ایک سال کے لیے تعینات کیے گئے ہیں اور تعیناتی کی منظوری کثرت رائے سے دی گئی ہے۔
مذکورہ ایڈشنل ججز میں تسنیم سلطانہ، خالد حسین شاہانی، عثمان علی ہادی، نثار بھنبھرو، جعفر رضا، حسن اکبر، عبدالحامد، جان علی جونیجو، میراں محمد شاہ، علی حیدر ادا ، ریاضت علی اور فیاض الحسن شاہ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری
یاد رہے کہ سپریم جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ میں 8 نئے ججز کی تعیناتی کے لیے اجلاس 11 فروری کو طلب کیا ہے۔ اجلاس میں پانچوں ہائیکورٹس سے 5، 5 سینئر ججز کی بطور جج سپریم کورٹ تعیناتی ناموں پر غور کیا جائے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز نے گزشتہ ہفتے حلف اٹھایا تھا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اعظم خان اور سینیئر ایڈووکیٹ راجہ انعام امین منہاس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک سال کے لیے ایڈیشنل جج تعینات کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز نے حلف اٹھا لیا
بلوچستان ہائیکورٹ کے 3 ایڈیشنل ججز نے بھی حلف اٹھا لیا ہے جن میں ایڈیشنل ججز میں محمد آصف ریکی، محمد ایوب ترین اور نجم الدین مینگل شامل ہیں۔