اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

وزرات قانون نے صدر مملکت کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے مطابق راجا انعام امین منہاس اور اعظم خان اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل جج تعینات کردیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں ججز کی تعیناتی ایک سال کے لیے عمل میں آئی ہے۔
جوڈیشل کمیشن اجلاس: اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے 2، بلوچستان کے لیے 3 ججوں کے ناموں پر اتفاق

یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی نامزدگی کے لیے 4 میں سے 2 ناموں پر اتفاق کیا تھا۔ جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ کے لیے بھی 3 ناموں کی منظوری دے دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی نامزدگی، پاکستان تحریک انصاف اور وکلا برادری کیا سوچ رہی ہے؟
جوڈیشل کمیشن اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جمعہ کو منعقد ہونے والے اجلاس میں جن 2 ججوں پر اتفاق ہوا ان میں سیشن جج اعظم خان اور سابق صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ انعام امین منہاس شامل ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے جوڈیشل کمیشن کے دوسرے اجلاس میں محمد آصف ایڈووکیٹ اور محمد ایوب خان ایڈووکیٹ کو متفقہ طور پر بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے نامزد کردیا گیا ہے۔ جبکہ نجم الدین مینگل کے نام کا فیصلہ بھی کثرت رائے سے ہوگیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جن امیدواروں کو مطلوبہ ووٹ نہیں مل سکے مستقبل میں آسامیوں پر انہیں دوبارہ زیرغور لایا جائےگا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے نامزد ہونے والے اعظم خان وہ جج ہیں جنہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کیس قابل سماعت قرار دے کر سول جج کو باقاعدہ سماعت کے لیے ریمانڈ بیک کیا تھا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں 4 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لیے 20 نام زیر غور تھے جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ میں 3 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لیے 11 ناموں پر غور کیا گیا۔