اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر حملے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ملزم زین میر کو ضمانت منسوخ ہونے پر گرفتار کیا گیا، جبکہ دیگر 5 نامزد ملزمان نے عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں اسپیکرز فورم کا لطیف اکبر پر حملے کا نوٹس، 3 روز میں تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم
پولیس مزید گرفتاریوں کے لیے بھی متحرک ہے، جبکہ فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او تھانہ سول سیکریٹریٹ زاہد عمر کو معطل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر اتوار کو مظفرآباد میں حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اسپیکر چوہدری لطیف اکبر پر حملے کا وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور اسپیکرز فورم نے بھی نوٹس لیا تھا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایت پر چیف سیکرٹری اور آئی جی آزاد جموں کشمیر کو خطوط ارسال کیے گئے تھے۔
خطوط میں اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینٹ، چاروں صوبائی اسمبلیوں اور گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکرز کی جانب سے چوہدری لطیف اکبر پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
خطوط کے متن میں کہا گیا کہ اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی پر قاتلانہ حملہ جمہوری اقدار کے منافی ہے اور قابل مذمت ہے۔ خطوط میں چیف سیکریٹری اور آئی جی آزاد کشمیر کو واقعے کی شفاف تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی کے قافلے پر فائرنگ، 2 کارکنان زخمی
خطوط میں ہدایت کی گئی تھی کہ واقعہ پر شفاف تحقیقات کرکے 3 روز کے اندر مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔