چیمپیئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کب اور کہاں ہوگی، پی سی بی نے فیصلہ کرلیا

جمعرات 30 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی افتتاحی تقریب کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹورنامنٹ سے قبل تمام متعلقہ ایونٹس کی بھی منظوری دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کیا چیمپیئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب منعقد نہیں کی جائے گی؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق افتتاحی تقریب 16 فروری کو لاہور کے حضوری باغ میں ہوگی جس میں اہم قومی شخصیات، معروف کرکٹرز اور آئی سی سی حکام شرکت کریں گے۔

علاوہ ازیں لاہور میں اپ گریڈ شدہ قذافی اسٹیڈیم کی نقاب کشائی 7 فروری کو ہوگی جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے۔ دوسری تقریب 11 فروری کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگی جس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی شرکت متوقع ہے۔

مزید پڑھیں: کیا چیمیئنز ٹرافی سے قبل وارم اپ میچز نہیں ہوں گے؟

اس سے قبل ابتدائی طور پر باضابطہ افتتاحی تقریب 16 فروری کو مقرر کی گئی تھی لیکن 2 شریک ٹیموں کی تاخیر سے آمد کی وجہ سے اسے منسوخ کردیا گیا تھا۔ نتیجتاً کراچی میں کپتانوں کی پریس کانفرنس اور آفیشل فوٹو شوٹ سمیت ٹورنامنٹ سے قبل روایتی سرگرمیاں بھی منسوخ کردی گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ آئی سی سی اور پی سی بی افتتاحی تقریب کی میزبانی کے خواہاں تھے لیکن شیڈولنگ تنازعات اور کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کے خدشات کی وجہ سے یہ ممکن نہیں تھا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے تصدیق کی ہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 18 فروری کو لاہور پہنچے گی جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم کی آمد 19 فروری کو ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی کے لیے آئی سی سی کا نیا پرومو جاری، پاکستان اور بھارت کے کونسے کھلاڑی شامل؟

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں 8 ٹیمیں 19 فروری سے 9 مارچ تک کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دبئی میں 15 میچز کھیلیں گی۔ ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش گروپ بی: افغانستان، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، آسٹریلیا شامل ہیں۔

ایونٹ کا آغاز میزبان پاکستان 19 فروری کو کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کرے گا جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 23 فروری کو دبئی میں شیڈول ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ ایونٹ میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کی تاخیر سے پاکستان آمد کے باعث چیمپیئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب منعقد نہیں کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp