دفترخارجہ نے کہا ہے کہ جمہوریہ کانگو میں تنازعات میں حالیہ اضافے کے بعد گوما شہر میں 150 کے قریب پاکستانی پھنسے ہوئے تھے، جنہیں روانڈا میں داخلے کی اجازت مل گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ کیگالی میں پاکستان کے ہائی کمشنر، سفیر نعیم اللہ خان کی کاوشوں سے روانڈا کے حکام نے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو روانڈا میں داخلے کی اجازت دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں کانگو میں کشتی الٹنے سے 38 افراد ہلاک، 100 سے زیادہ لاپتا
انہوں نے کہاکہ اب تک 75 کے قریب پاکستانی روانڈا منتقل ہوچکے ہیں۔ اور پاکستانی ہائی کمیشن کیگالی نے متاثرہ پاکستانیوں کے لیے رہائش اور کھانے کا انتظام کیا ہے۔

ترجمان نے کہاکہ ہائی کمیشن پاکستانی کمیونٹی سے بھی رابطہ کررہا ہے تاکہ مشکل میں کسی دوسرے شہری کی شناخت اور ان تک پہنچ سکے۔
انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں مزید پاکستانیوں کے روانڈا جانے کا امکان ہے، ہائی کمیشن کا عملہ ہر اس فرد سے رابطے میں ہے جس نے مدد کی درخواست کی ہے۔
ترجمان نے کہاکہ ہائی کمیشن سرحدی شہر بکاؤو میں پاکستانیوں تک بھی پہنچ رہا ہے، کسی بھی متاثرہ پاکستانی کو اگر مدد کی ضرورت ہو، تو وہ رابطہ کرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں کانگو: جیل توڑنے کی کوشش کے دوران 129 قیدی ہلاک
واضح رہے کہ جمہوریہ کانگو میں باغیوں کے قبضے کے باعث لوگ محصور ہوگئے ہیں جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔














