فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ ان کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے سربراہ محمد الضیف ’ابو خالد‘ شہید ہوگئے ہیں۔
ترجمان القسام بریگیڈز ابو عبیدہ نے اپنے ویڈیو بیان کے ذریعے ان کی شہادت کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں اسرائیل نے اپنے قیدیوں کی بازیابی کے بعد فلسطینی سیکیورٹی اہلکاروں کی رہائی روک دی
ابو عبیدہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ محمد الضیف کے نائب مروان عیسیٰ سمیت القسام بریگیڈز کے دیگر سینیئر کمانڈرز غازی ابو طماعہ، رائد ثابت، رافع سلامہ، احمد الغندور اور ایمن نوفل بھی شہید ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ برس جولائی میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کی فوج نے محمد الضیف کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے المواسی کیمپ میں ایک کمپاؤنڈ پر بڑا حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 90 فلسطینی شہید اور 300 سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس حملے میں محمد الضیف اور ان کے ساتھ موجود رافع سلامہ شہید ہوگئے ہیں، تاہم حماس نے اس کی تصدیق نہیں کی تھی۔
یہ بھی واضح رہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل میں ایک آپریشن کیا تھا، جہاں سے جنگ کا آغاز ہوا۔
یہ بھی پڑھیں اسرائیل کی طرف سے تاخیر کے بعد 110 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا
اس کے بعد اسرائیل نے فضائی بمباری کرتے ہوئے 44 ہزار سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے، تاہم اب فریقین کے درمیان جنگ بندی ہوگئی ہے اور معاہدے کے تحت یرغمالیوں کی رہائی عمل میں لائی جارہی ہے۔