ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ ٹیم کا اعلان، بابر اعظم بھی شامل

بدھ 19 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرکٹ آسٹریلیا ویب سائٹ نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کردیا ہے جس میں پاکستان کے واحد کھلاڑی بابراعظم جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ٹیم میں کھلاڑیوں کا انتخاب گزشتہ 2 سالہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا۔ بابراعظم نے چیمپیئن شپ کے دوران 14 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 61.08 کی اوسط سے 1527 رنز بنائے جس میں 4 سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

فوٹو: کرکٹ آسٹریلیا

بابراعظم نے اس دوران سب سے بڑی اننگ آسٹریلیا کے خلاف کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 196 رنز کی کھیلی تھی۔ یہ اننگ اس اعتبار سے بھی اہم تھی کہ اس اننگ کے نتیجے میں قومی ٹیم یقینی شکست سے بچ گئی تھی۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ ٹیم کی قیادت کے لیے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا انتخاب ہوا ہے۔ اس ٹیم میں مزید 2 آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ بھی شامل ہیں۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے دیگر کھلاڑیوں میں بھارت کے رویندرا جڈیجا، ریشبھ پنت، روی چندرن ایشون، انگلینڈ کے جو روٹ، جیمزاینڈرسن، سری لنکا کے ڈیمتھ کرونارتنے اور جنوبی افریقہ کے کگیسوربادا کو شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل 7 سے 11 جون تک انگلینڈ کے تاریخی اوول کے میدان میں کھیلا جائے گا جس میں آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔ اس سے پہلے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا ایک فائنل 18 سے 23 جون 2021 میں کھیلا جاچکا ہے جس میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp