وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر ان کے بڑے صاحبزادے پرنس رحیم خان کے نام تعزیتی خط ارسال کیا کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خط میں لکھا کہ پرنس کریم آغا خان کی رحلت نہ صرف اسماعیلی کمیونٹی بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ان کی خدمات بالخصوص پاکستان اور گلگت بلتستان کے عوام کے لیے تعلیم، صحت اور سماجی ترقی کے شعبوں میں بے مثال رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان انتقال کرگئے
حاجی گلبر نے مزید کہاکہ پرنس کریم آغا خان کی قیادت میں آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) نے بلا تفریق عوام کی خدمت کی، جس کے مثبت اثرات آج بھی ہر شعبہ زندگی میں نمایاں ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پرنس رحیم خان اور اسماعیلی کمیونٹی سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
یہ بھی پڑھیں پرنس کریم آغا خان کا انتقال، گلگت بلتستان میں کل عام تعطیل کا اعلان
واضح رہے کہ پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر گلگت بلتستان حکومت نے عام تعطیل کا بھی اعلان کیا ہے، اور کل تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔