پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی، ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 6 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اس وقت چین کے سرکاری دورہ پر ہیں، جہاں انہوں نے چینی ہم مںصب شی جن پنگ سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر زرداری کی چینی صدر سے ملاقات، کن اہم معاملات پر گفتگو ہوئی؟

ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ صدر آصف علی زرداری اور صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات میں پاک چین تعلقات، خطے اور عالمی امور پر پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر صدر آصف زرداری نے پاکستان کی ون چائنا پالیسی پر غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے تائیوان، سنکیانگ، تبت، ہانگ کانگ پر چین کے مؤقف کی مکمل حمایت کی ہے اور دونوں ممالک نے دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چین پہنچنے پر صدر مملکت آصف علی زرداری کا شاندار استقبال

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری نے چینی وزیراعظم لی کیانگ سے بھی ملاقات کی ہے اور ون چائنہ اصول پر اپنی حمایت کی تجدید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہانگ کانگ، جنوبی چین سمندر، سنکیانگ پر چین کی پالیسی کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، فریقین نے پر امن اور خوشحال جنوبی ایشیا کو خطے کے مفاد میں قرار دیا، فریقین نے افغانستان کے ساتھ قریبی روابط کے تسلسل اور مسئلہ کے حل کی کوششوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

’ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل مسترد ہوگئی تھی‘

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سابق امریکی صدر جوبائیڈن کو بھجوائی گئی رحم کی اپیل مسترد ہوگئی تھی، اپیل مسترد ہونے کے بعد امریکی ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس نے کیس کو بند کر دیا ہے، اب ڈاکٹر عافیہ صدیقی مستقبل میں دوبارہ اپنے وکلا کے ذریعے کسی بھی وقت نئی رحم کی اپیل کرسکتی ہیں۔

’غزہ سے قیدیوں کی منتقلی  سے متعلق کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی‘

غزہ کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں، عالمی برادری پر ان خلاف ورزیوں کو بند کرانے کے لیے زور دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ ہماری بریفنگ کا باقائدہ حصہ رہا ہے، قائداعظم کے دور سے ہماری پوزیشن فلسطین پر واضح ہے، پاکستان فلسطینیوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاتی رکھے گا، غزہ کے عوام کی منتقلی کی غیرمنصفانہ تجویز تکلیف دہ اور تشویشناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بہت جلد غزہ پر قبضہ کرلیں گے اور ہم اس کے مالک ہونگے، ڈونلڈ ٹرمپ کا نیتن یاہو کے ہمراہ پریس کانفرنس میں دعویٰ

غزہ سے قیدیوں کی منتقلی کے حوالے سے ترجمان دفتر کارجہ نے بتایا کہ ہمارے پاس کوئی تجویز یا درخواست نہیں آئی، اس حوالے سے یم سے کسی قسم کا رابطہ نہیں کیا گیا، ہم فلسطینیوں کی خواہش کے مطابق دو ریاستی حل کے حامی ہیں، جو فلسطینی چاہتے ہیں ہم اس کی حمایت کرتے ہیں۔

’ترک صدر کے دورہ پاکستان کی تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں‘ 

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ترک صدر رجب طیب اردگان کے دورہ پاکستان کے لیے تیاریاں حتمی مراحل ہیں، جلد اعلان کریں گے، ترکیہ ہمارے لیے ایک اہم ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسطی افریقی جمہوریہ کے تنازعہ میں شدت کے باعث 100 پاکستانی گوما، کانگو میں پھنسے ہوئے ہیں، قیاس ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید پاکستانی روانڈا کی سرحد پار کریں گے،  کانگو میں صورتحال خراب ہونے کے بعد 100 پاکستانی وہاں پھنسے ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ روانڈا میں اب تک 75 پاکستانیوں کو شفٹ کیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دعوت پر آئندہ ہفتے ڈی جی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) پاکستان کا دورہ کریں گے، پاکستان کا آئی اے ای اے سے گہرا تعاون موجود ہے۔

’کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ملک کے پاس مضبوط دفاعی نظام موجود ہے‘

یوم یکجہتی کشمیر سے متعلق انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پر غیرملکی سفیروں کے لیے ایک بریفنگ کا انتظام بھی کیا گیا، مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں، تاہم کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ملک کے پاس مضبوط دفاعی نظام موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا، 10 جنگیں بھی لڑنا پڑیں تو لڑیں گے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

افغان پی آر کارڈ ہولڈرز کی بیدخلی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ معاملہ صرف افغانوں تک محدود نہیں بلکہ ویزے کے بغیر تمام غیرقانونی افراد کے خلاف ایکشن لیا جارہا ہے، پاکستان میں ایسے افغان جنہوں نے دوسرے ممالک جانا ہے ان کے لیے بات چیت چل رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ غیرقانونی مقیم افغان شہریوں کی واپسی غیرقانونی نہیں ہے، ہم افغانوں کی تیسرے ملک منتقلی کے حوالے متعلقہ ممالک سے رابطہ میں ہیں، یقین ہے راولپنڈی اور اسلام آباد میں 20 لاکھ افغان مقیم نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سگار کی رپورٹ ہمارے مؤقف کی تجدید ہے، مطالبہ کرتے ہیں کہ افغان حکومت افغانستان میں موجود دہشتگرد گروہوں کے خلاف کاروائی کرے۔

’افغانستان کیساتھ مذاکرات وفاقی حکومت کے ذریعے ہی ہوتے ہیں‘

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے افغانستان کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات وفاقی حکومت کے ذریعے سے ہی ہوتے ہیں، صوبائی حکومتوں کی جانب سے جرگہ کا معاملہ دفتر خارجہ کی مدد سے ہوگا، گزشتہ برس جرمنی میں افغان نیشنلز کی جانب سے پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کے معاملے پر جرمن حکومت پر زور دیتے رہتے ہیں کیونکہ ویانا کنونشن کے تحت سفارتی عملے کی حفاظت میزبان ملک کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا افغان طلبہ کے لیے 4500 اسکالرشپس کا اعلان

گزشتہ برس جرمنی میں افغان نیشنلز کی جانب سے پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کے معاملے پر جرمن حکومت پر زور دیتے رہتے ہیں کیونکہ ویانا کنونشن کے تحت سفارتی عملے کی حفاظت میزبان ملک کی ذمہ داری ہوتی ہے، جرمنی میں سفارت خانے پر حملہ اور قومی پرچم کی بے حرمتی ایک حساس معاملہ ہے، اس سے پاکستانیوں کے جذبات متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے پرنس کریم آغا خان کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پرنس کریم آغا خان نے عالمی سطح پر کمیونیٹیز کی بہتری کے لیے نہایت اہم کردار ادا کیا، عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پرنس کریم آغا خان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہم پرنس کریم آغا خان کے خاندان اور اسماعیلی کمیونٹی سے دلی دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp