وزیراعظم شہباز شریف نے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو ریکارڈ 4 ماہ کی مدت میں مکمل ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے کہا کہ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے ڈھائی ہزار مزدوروں کو لندن کی سیر کروائیں۔
یہ بھی پڑھیں: اس وقت کا انتظار کریں گے جب بھارت کو شکست دیں گے، وزیر اعظم کا قذافی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب
جمعے کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جو لوگ اچھا کام کرتے ہیں محسن نقوی ان کو لندن لے جاتے ہیں لہٰذا وہ اسٹیڈیم کی تعمیر وقت سے پہلے مکمل کرلینے والی محنت کشوں کی ٹیم کو بھی لندن گھمانے لے جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم سب کے لیے خوشی کا دن ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو بہت ہی شاندار طریقے سے مکمل ہوئی اور خواہ کنٹریکٹرز ہوں یا مزدور ان سب نے محسن نقوی کی سرپرستی میں ٹیم ورک کے ذریعے محض 117 دنوں میں ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔
مزدوروں کا شبانہ روز کام اور گھر کا منہ نہ دیکھنا
اس موقعے پر چیئرمین پی سی بی اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ تھا کہ اس اسٹیڈیم کی تعمیر چیمپیئنز ٹرافی سے قبل مکمل ہوجائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کی تعمیر میں 2500 کے قریب مزدوروں نے حصہ لیا اور کئی مزدور تو 3 مہینے تک گھر تک نہیں گئے اور مسلسل 16، 16 گھنٹے تک کام کرتے رہے۔
میں تو اب محسن اسپیڈ کی بات کرتا ہوں، شہباز شریف
وزیراعظم نے اس حوالے سے حکومت پنجاب اور ڈبلیو ایف او کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’شہباز اسپیڈ‘ اب ماضی کی بات ہے، اب میں ’محسن اسپیڈ‘ کی بات کرتا ہوں۔

اس موقعے پر وزیراعظم نے مختلف محکموں کے حکام میں تعریفی شیلڈز تقسیم کیں۔
تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق چیئرمین پی سی بی اور سینیئر تجزیہ نگار نجم سیٹھی، سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے بھی شرکت کی۔













