سہ ملکی سیریز: نیوزی لینڈ نے ابتدائی میچ میں پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی

ہفتہ 8 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیوزی لینڈ نے سہ ملکی سیریز کے ابتدائی میچ میں پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 331 رنز کا ہدف دیا تاہم پاکستان کی پوری ٹیم 47.5 اوورز میں 254 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کے 331 رنز کے ہدف کے تعاقب میں فخر زمان نے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اس کے علاوہ سلمان علی آغا 40 اور طیب طاہر 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

قومی ٹیم کے بیٹرز میں محمد رضوان 3، خوشدل شاہ 15، کامران غلام 18، جبکہ بابر اعظم اور شاہین شاہ 10، 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور میٹ ہنری نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مائیکل بریسویل 2 اور گلین فلپس ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجنے میں کامیاب رہے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

لاہور قذافی اسٹیڈیم میں سہ ملکی کرکٹ سیریز کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کی مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کی پہلی وکٹ ہی4  کے مجموعی اسکور پر گری جب ول ینگ 4 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پروکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 39 کے مجموعی اسکور پر گری جب راچن رویندر کو 25 رنز پرابرار احمد نے اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کرپویلین بھیج دیا۔ تیسری وکٹ 134 کے مجموعی اسکور پر گری جب کین ولیمسن شاندار 58 رنزپر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 135 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹام لیتھم صفر پر حارث رؤف کی گیند پر کامران غلام کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، پانچویں وکٹ 200 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیرل مچل 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد ابرار احمد کی گیند پر خوشدل خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 254  کے مجموعی اسکور پر گری جب مائیکل بریس ویل 31 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات گلین فلپس کی ناقابل شکست شاندار سینچری ہے جو انہوں نے 7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے مکمل کی، جبکہ کپتان مچل جوزف سینٹنرنے ناقابل شکست 8 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے سب سے عمدہ بولنگ شاہین شاہ آفریدی نے کی، انہوں نے 88 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ابرار احمد نے 2 جبکہ حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہاکہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے، اس لیے ہم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہاکہ یہ سیریز چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ کی تیاریوں کے لیے اہم ہے، ہم بھی اگر ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ ہی کرتے، آج فخر زمان اور بابر اعظم کے ساتھ اوپننگ کریں گے۔

پاکستان اسکواڈ

آج کے میچ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت محمد رضوان کررہے ہیں، جبکہ ٹیم میں فخر زمان، بابر اعظم، کامران غلام، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔

سیریز کی تفصیلات:

تاریخ: 8 سے 14 فروری 2025

مقام: قذافی اسٹیڈیم، لاہور اور نیشنل بینک اسٹیڈیم، کراچی

شرکت کنندہ ٹیمیں: پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ

فارمیٹ: سنگل لیگ، ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف ایک میچ کھیلے گی

فائنل: 14 فروری 2025 کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں

میچز کا شیڈول:

8 فروری: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ (قذافی اسٹیڈیم، لاہور)

10 فروری: نیوزی لینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ (قذافی اسٹیڈیم، لاہور)

12 فروری: پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ (نیشنل بینک اسٹیڈیم، کراچی)

14 فروری: فائنل میچ (نیشنل بینک اسٹیڈیم، کراچی)

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp