وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مزید مضبوط تعلقات استوار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی تارکین وطن پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات بڑھانے میں پل کا کام کرتے ہیں، سفیر ڈاکٹر محمد فیصل
سرکاری ریڈیو کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ نے پرتگال میں برطانوی پارلیمانی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے مشرق وسطیٰ، پاکستان اور افغانستان ہمیش فالکنر سے ملاقات کی ہے۔
فریقین نے پاکستان میں توانائی، معدنیات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ملاقات کے دوران محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں جو باہمی اعتماد اور روابط پر مبنی ہیں۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو بھی سراہا گیا۔
مزید پڑھیں:بلاول بھٹو زرداری سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، تجارتی تعلقات بڑھانے پر اتفاق
برطانیہ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں سرفہرست رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے 93 کروڑ 50 لاکھ 18 ہزار ڈالر مالیت کی مصنوعات برطانیہ کو برآمد کیں۔
واضح رہے کہ 2024 میں پاکستان برطانیہ کا 51 واں سب سے بڑا تجارتی شراکت دار تھا جبکہ برطانیہ چین اور امریکا کے بعد پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور ترسیلات زر کا تیسرا سب سے بڑا ذریعہ ہے جو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے بعد ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول: پاکستان میں بچوں کو معیاری تعلیم میسر نہیں، جین میرٹ کا افتتاحی خطاب
مرکزی حکومت کے مطابق گزشتہ مالی سال اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھی 10.7 فیصد اضافے کے ساتھ 30 ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جن میں سے 4 ارب 50 کروڑ ڈالر برطانیہ سے آئے جو سعودی عرب کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔