ون ڈے ڈیبیو کرنے والے جنوبی افریقی بلے باز میتھیو بریٹزکی نے نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

پیر 10 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی افریقہ کے اوپنر بلے باز میتھیو بریٹزکی، نے اپنے ون ڈے (او ڈی آئی) ڈیبیو میچ کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں شاندار سینچری اسکور کرتے ہوئے 150 رنز بنائے۔ اس یادگار اننگز کے ساتھ انہوں نے 2 نئے ریکارڈ بھی بنائے وہ ڈیبیو میچ میں سینچری کرنے والے جنوبی افریقہ کے چوتھے کھلاڑی ہیں جبکہ انٹرنیشنل ون ڈے کرکٹ کے پہلے کھلاڑی بھی بنے جس نے ڈیبیو میچ میں 150 رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

ڈیبیو میچ میں سینچری بنانے والے چوتھے پروٹیز کھلاڑی

بریٹزکے جنوبی افریقہ کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے او ڈی آئی ڈیبیو پر سینچری اسکور کی۔ وہ کولن انگرام (124 رنز زمبابوے کے خلاف)، ریزا ہینڈرکس (102 رنز سری لنکا کے خلاف) اور ٹیمبا باووما (113 رنز آئرلینڈ کے خلاف) جیسے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: سہ ملکی سیریز: جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 305 کا ہدف دیدیا

جنوبی افریقہ نے سہ ملکی سیریز کے پہلے او ڈی آئی کے لیے ناتجربہ کار اسکواڈ کا انتخاب کیا تھا، جس میں 6 نئے کھلاڑی شامل تھے، مگر بریٹزکی نے یہ ثابت کیا کہ کھلاڑی تجربے میں کمی رکھتے ہیں لیکن معیار میں نہیں۔

میتھیو بریٹزکی کون ہیں؟

کیشو مہاراج (ڈربن سپر جائنٹس کے کپتان) نے میتھیو بریٹزکی کو ویرات کوہلی جیسا کھلاڑی قرار دیا ہے۔ بریٹزکی پرو ایکٹو بلے باز اور عمدہ فیلڈر ہیں، جو دباؤ کو بہت اچھے طریقے سے سنبھالنے کے لیے مشہور ہیں۔

میتھیو بریٹزکی 3 نومبر 1998 کو پیدا ہوئے،( آج ان کی عمر 26 سال 99 دن ہے) ان کی صلاحیتیں بچپن سے ہی واضح تھیں، جب انہوں نے 14 سال کی عمر میں گری ہائی کے فرسٹ ٹیم میں جگہ بنائی۔ 2 سال بعد، وہ جنوبی افریقہ کی انڈر 19 ٹیم کا حصہ بنے۔ انہوں نے 25 یوتھ او ڈی آئی میچز میں ایک ہزار سے زیادہ رنز بنائے اور 2018 کے انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے جنوبی افریقہ کی اسکواڈ کا حصہ بنے، جہاں وہ دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔

2018 کے آخر میں، انہیں جنوبی افریقہ کی ایمرجنگ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، جو سری لنکا کا دورہ کرنے والا تھا اور 2018-19 کے موسم گرما میں انہوں نے ایسٹرن پروونس کے لیے صوبائی ڈیبیو کے دوران اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔

مزید پڑھیں:نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 78 رنز سے شکست، کپتان محمد رضوان نے کس کو ذمہ دار ٹھہرایا؟

بریٹزکی کو پروفیشنل سطح پر اپنی شناخت بنانے میں وقت لگا، تاہم وہ 2022-23 سیزن میں سی ایس اے فور ڈے فرسٹ کلاس مقابلے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے اور 14 اننگز میں 3 سینچریاں اور 4 نصف سینچریاں بنائیں، ان کا اوسط 60.58 رہا۔

بریٹزکی تیزی سے رن بنانے والے کھلاڑی ہیں اور ستمبر 2023 میں انہیں جنوبی افریقہ کے ٹی20 اسکواڈ میں منتخب کیا گیا، جہاں انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو کیا۔

بریٹزکی نے 2024 کے ایس اے 20 ایڈیشن میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر کامیابی حاصل کی اور سی ایس اے ٹی20 چیلنج میں بھی ٹاپ بیٹر بنے، لیکن ان نمبروں نے انہیں 2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے جنوبی افریقہ کی اسکواڈ میں جگہ نہیں دلوائی۔ انہوں نے نارتھمپس کے ساتھ معاہدہ کیا اور ٹی20 فارمیٹ میں مضبوط فارم برقرار رکھی۔

وہ 2024 ویٹیلٹی بلاسٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ انہیں اگست 2024 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے جنوبی افریقہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔ بریٹزکی نے جنوبی افریقہ کے لیے ایک ٹیسٹ اور 10 ٹی20 میچز کھیلے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ میں کوئی اسکور نہیں بنایا جبکہ ٹی20 میں صرف 131 رنز بنائے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستانی ہنرمندوں کے لیے خوش خبری، نیوزی لینڈ نے ویزا قوانین میں نرمی کردی

بریٹزکی جنوبی افریقہ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں وارئرز کے لیے کھیلتے ہیں اور 2024 کے ایس اے 20 میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے، ان کا اوسط 50 سے زیادہ تھا۔ بریٹزکی ایک ورسٹائل بلے باز ہیں اور عام طور پر اوپننگ کرتے ہیں، تاہم وہ مڈل آرڈر میں بھی بیٹنگ کرسکتے ہیں۔

بریٹزکے کون سی آئی پی ایل ٹیم میں کھیلیں گے؟

میتھیو بریٹزکی 2025 کے آئی پی ایل میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی طرف سے کھیلیں گے، جنہوں نے انہیں میگا آکشن میں 75 لاکھ روپے میں خریدا۔ اے بی ڈی ویلیئرز اور فاف ڈو پلیسی نے بریٹزکی، کی مہارتوں کی تعریف کی ہے اور ان کا خیال ہے کہ وہ 2025 کے آئی پی ایل میں ایک نمایاں کھلاڑی بن سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp