نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 78 رنز سے شکست، کپتان محمد رضوان نے کس کو ذمہ دار ٹھہرایا؟

اتوار 9 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے سہ ملکی کرکٹ سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کی وجہ گلین فلپس کی شاندار بیٹنگ اور قومی ٹیم کی ناقص فیلڈنگ اور بیٹنگ کو قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سہ ملکی سیریز: نیوزی لینڈ نے ابتدائی میچ میں پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی

لاہور قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 78 رنز سے شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں کھل کر بات کی۔

میچ کے اختتام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے اعتراف کیا کہ اگرچہ ایک مرحلے پر ایسا لگ رہا  تھا کہ پاکستان کو اس میچ میں شکست نہیں ہوگی، ہمیں شکست ملنا مشکل لگ رہا تھا لیکن یہ شکست ناممکن بھی نہیں تھی۔

محمد رضوان نے کہا کہ جب پاکستان بولنگ کر رہا تھا تو پچ چیلنجنگ لگ رہی تھی لیکن گلین فلپس نے اسی پچ پر شاندار بیٹنگ کر کے نیوزی لینڈ کو مستحکم پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔

مزید پڑھیں:سہ ملکی سیریز: فاسٹ بولر حارث رؤف کو پسلیوں میں تکلیف، اوور ادھورا چھوڑ کر گراؤنڈ سے جانا پڑا

محمد رضوان نے کہا کہ جب ہم ہارتے ہیں، تو یہ سب کو مشکل لگتا ہے لیکن جب ہم بولنگ کر رہے تھے تو وکٹ تھوڑی مشکل لگ رہی تھی تاہم جس طرح فلپس نے بیٹنگ کی وہ شاندار تھی۔

اپنی ٹیم کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے محمد رضوان نے فیلڈنگ پر توجہ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ محمد رضوان نے کہا کہ جب ہم اس بات پر توجہ مرکوز کرتے ہیں کہ ہمیں کس چیز میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تو ہمیں اپنی فیلڈنگ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ٹیم کے آل راؤنڈرز سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں محمد رضوان نے کہا کہ ہمیں اپنے آل راؤنڈرز سے توقعات رکھنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں انجری کا شکار صائم ایوب چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں؟

انہوں نے آل راؤنڈرز کے لیے زیادہ حقیقت پسندانہ کردار کی ضرورت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم ایک آل راؤنڈر کے ساتھ کھیلتے ہیں تو ہم اس سے 10 اوورز بولنگ کی توقع نہیں کر سکتے۔ وہ ہمیں 5-6 اوور ہی اپنی بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔

فاسٹ بولر حارث رؤف کی انجری سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں محمد رضوان نے امید افزا بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انجری زیادہ سنگین نوعیت کی نہیں ہے۔

محمد رضوان نے کہا کہ ہمیں اپنی بیٹنگ کا جائزہ لیتے ہوئے اسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ جب وکٹیں گر رہی ہوں تو ہمیں اچھی پارٹنرشپ قائم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ سہ ملکی سیریز کا دوسرا میچ پیر کو قذافی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp