بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک بار پھر سفارتی روایات کو پامال کرتے ہوئے پاکستان کی فضائی حدود سے جذبہ خیرسگالی کا پیغام دیے بغیر گزر گئے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے 3 روزہ دورے کے لیے پیرس جاتے ہوئے ایک بار پھر پاکستانی فضائی حدود سے سفر کیا، تاہم انہوں نے پاکستانی حکومت یا پاکستانی عوام کے لیے کوئی پیغام خیرسگالی نہیں چھوڑا۔
یہ بھی پڑھیں:نریندر مودی کا ایک بار پھر پاکستانی فضائی حدود کا استعمال، وجہ کیا بنی؟
نریندر مودی کا خصوصی طیارہ ’انڈیا ون‘ نئی دہلی سے روانہ ہوا اور لاہور کے قریب پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا، طیارے نے 34 ہزار فٹ کی اونچائی پر شیخوپورا، حافظ آباد ، چکوال اور کوہاٹ کا سفر کیا۔
بھارتی فضائیہ کے بوئنگ 777 افغانستان میں داخل ہوکر پراچنار کے قریب پاکستانی فضائی حدود سے باہر نکلی،اس پرواز نے پاکستان کے فضائی حدود میں تقریبا 41 41 منٹ گزارے۔
یہ بھی پڑھیں: نریندر مودی نے پاکستان کی فضائی حدود کیوں استعمال کی؟
یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں بھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی تھی، تاہم وہ جذبہ خیرسگالی کا پیغام چھوڑے بغیر چلے گئے تھے،نریندر مودی کا طیارہ امریکا سے واپسی پر افغانستان سے چترال میں پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا اور لاہور کے اوپر سے گزرتے ہوئے بھارت داخل ہوا تھا۔
اس سے قبل گزشتہ سال اگست میں بھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پولینڈ سے واپسی پر پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی تھی۔