اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے ملک کے اندر داعش کی بھرتی کے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔
پاکستانی مندوب نے اپنے خطاب میں سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹی ٹی پی، مجید بریگیڈ اور داعش کے خطرے کا نوٹس لے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں 2 درجن سے زائد دہشتگرد گروہ سرگرم عمل ہیں، افغانستان داعش کی بھرتی اور سہولت کار کا مرکز ہے، داعش کی بات ہر جگہ ہورہی ہے مگر ٹی ٹی پی اور مجید بریگیڈ کی بات نہیں ہورہی جن سے پاکستان کو خطرات لاحق ہیں، یہ گروہ سرحد پار سے آپریٹ کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 4 دہائیوں تک دہشتگردوں کا مقابلہ کیا ہے جن کی فنڈنگ دشمن ممالک نے کی۔ دہشتگردی میں 80 ہزار جانیں گنوائیں، معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں انسداد دہشتگردی نظام اور پابندیوں میں ضروری اصلاحات پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کی ہر شکل و صورت کو مسترد کرتا ہے۔