نیب میں بڑے پیمانے پر رد و بدل کے بعد ڈی جی نیب راولپنڈی فرمان اللہ کو تبدیل کرکے مرزا عرفان بیگ کو نیا ڈی جی نیب راولپنڈی تعینات کردیا گیا ہے۔
جمعرات کو جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب نے ادارے میں اہم تبدیلیوں کا فیصلہ کیا جس کے مطابق مرزاعرفان بیگ کو ڈی جی نیب راولپنڈی تعینات کردیا گیا ہے۔ جبکہ تبدیل ہونے والے فرمان اللہ کو ڈی جی نیب ہیڈ کوارٹرز تعینات کیا گیا ہے اور ڈی جی ہیڈ کوارٹرز حسین احمد کو ڈی جی آپریشن ڈویژن لگا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مرزا عرفان بیگ اس سے پہلے ڈی جی آپریشن ڈویژن تعینات تھے۔
مرزا عرفان بیگ کون ہیں؟
مرزا عرفان بیگ 2004 سے 2010 تک ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ہیڈ کوارٹر تعینات رہے۔ پھر اس کے بعد ایک سال تک 2010 سے 2011 تک وہ ڈائریکٹر نیب کوئٹہ رہے۔
مرزا عرفان بیگ اگست 2011 سے دسمبر 2014 تک ڈائریکٹر نیب راولپنڈی کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
ان کی زیرِ نگرانی حل کیے جانے والے بڑے کیسز میں اوگرا میں اربوں روپے کی کرپشن کا کیس اور مفتی احسان کا مضاربہ اسکینڈل شامل ہے، جس میں 10 ارب روپے کی ریکوری حاصل کی گئی۔
مرزا عرفان بیگ کو اس کے بعد 2014 سے اکتوبر 2017 تک ڈائریکٹر نیب خیبرپختونخوا تعینات کردیا گیا۔
اکتوبر 2017 سے فروری 2018 تک انہوں نے ڈائریکٹر جنرل کی ٹریننگ حاصل کی۔ ٹریننگ کے بعد اکتوبر 2018 تک ڈی جی نیب کوئٹہ تعنات ہوگئے۔ پھر اکتوبر 2018 سے نومبر 2021 تک ڈی جی نیب سکھر رہے۔
انہوں نے گندم کی خورد برد کے کیس میں 19 ارب روپے کی ریکوری بھی حاصل کرائی۔
دسمبر 2021 سے اگست 2022 تک ڈی جی ٹریننگ اور اگست 2022 سے اپریل 2023 تک ڈی جی آپریشن ڈویژن کی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔