ملتان کی عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری کی بیرون ملک روانگی، یوسف رضا گیلانی نے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھال لیا
عدالت نے کرونا وبا کے دوران کار سرکار میں مداخلت کرنے کے معاملے میں عدالت کی حکم عدولی پر یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹوں عبدالقادر گیلانی، علی موسیٰ گیلانی، علی قاسم گیلانی اور علی حیدر گیلانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
یاد رہے کہ مقامی عدالت نے سابق رکن پنجاب اسمبلی عثمان بھٹی سمیت 19 دیگر افراد کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے۔ تھانہ چہلیک میں ملزمان پر کرونا وبا کے دوران سرکاری آرڈینینس کی خلاف ورزی اور کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج تھا۔
یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں سمیت دیگر ملزمان بار بار حکم کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔
مزید پڑھیے: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی
جوڈیشل مجسٹریٹ شاہد حسن مغل نے چیئرمین سینیٹ کے بیٹوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ تھانہ چہلیک پولیس ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اراکین ہیں۔
مزید پڑھیں: جہانگیر ترین کی اہلیہ کا یوسف رضا گیلانی سے کیا رشتہ ہے؟
علی قاسم گیلانی این اے 148ملتان ون سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ این اے 151ملتان سے سید علی موسیٰ گیلانی قومی اسمبلی کے رکن، سید عبدالقادر گیلانی این اے 152ملتان سے قومی اسمبلی کے رکن جبکہ سید علی حیدر گیلانی پی پی 213 سے پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔