ہرنائی میں زوردار دھماکا، 11 مزدور جاں بحق 6 شدید زخمی

جمعہ 14 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں کان کنوں کی گاڑی کے قریب زوردار دھماکا ہوا ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں 11 مزدور جاں بحق جبکہ 6 مزدور شدید زخمی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت والی نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے سے 11 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکا اس وقت ہوا جب مزدور  گاڑی میں کان سے بازار کی جانب جا رہے تھے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: لوئر کوہستان، شاہراہ قراقرم پر خوفناک حادثے میں 2 افراد جاں بحق

بلوچستان حکومت نے تحصیل شاہرگ ٹاکری میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت اور مزدوروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ زخمی مزدوروں کو شاہرگ اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی تحصیل شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دھماکے میں 9 قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و افسوس اور اہلِخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمی مزدوروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید پڑھیں: ہرنائی: کوئلے کی کان میں گیس بھرجانے سے5 کان کن جاں بحق

وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا پختہ عزم دہراتے ہوئے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد کسی صورت معافی کے مستحق نہیں۔ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھیں گے۔ امن دشمنوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ واقعے میں ملوث دہشتگردوں کو جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔ بلوچستان حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ غم کی اس گھڑی میں شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp