تل کے بیج عرصہ دراز سے تیل کے طور پر اور دوسری مصنوعات جیسے روٹی اور بیکری کی اشیا میں استعمال ہوتے آ رہے ہیں۔
دنیا بھر میں پیدا ہونے والے تقریباً 70 فیصد تلوں سے تیل حاصل کرنے اور دوسری غذائی اشیاء میں استعمال کیے جاتے ہیں۔
تل کے بیج بہترین غذائی اہمیت کے حامل ہیں اور ان میں چربی (Fat) اور پروٹین کی کافی مقدار ہوتی ہے۔ جاپان میں تل کے بیج کو صحت مند خوراک سمجھا جاتا ہے۔
حالیہ طبی تحقیقی رپورٹس میں اس تیل کے طبی فوائد سامنے آئے ہیں جو کہ حیران کن ہیں کیونکہ یہ جلد اور بالوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مختلف امراض سے بھی تحفظ دیتا ہے۔
ورم کش
دائمی ورم نقصان دہ اور امراض کا باعث بنتا ہے، اسی لیے اس کی روک تھام جس حد تک ممکن ہو ضروری ہے۔ جانوروں اور ٹیسٹ ٹیوب تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی کہ تلوں کے تیل سے ورم میں کمی آتی ہے جو اس کے اہم ترین فوائد میں سے ایک ہے۔
تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ اس تیل سے ورم کا باعث بننے والے عناصر جیسے نائٹرک آکسائیڈ بننے کا عمل کم ہوتا ہے، تاہم انسانوں پر اس حوالے سے تحقیق کی ضرورت ہے۔
دل کے لیے فائدہ مند
اس وقت مارکیٹ میں اچھے، برے یا نقصان دہ فیٹس والی اشیا دستیاب ہیں، تلوں کا تیل پولی اَن سیچوریٹڈ اور مونو سیچوریٹڈ فیٹس سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ اس میں سیچوریٹڈ فیٹس کم ہوتے ہیں جو کہ اسے دل کے لیے صحت مند بنانے اور کولیسٹرول کی سطح کنٹرول میں رکھنے کے قابل بناتے ہیں۔
تلوں کے تیل میں موجود اومیگا سکس فیٹی ایسڈز امراض قلب کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ چوہوں پر ہونے والی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ تلوں کے تیل سے امراض قلب کی روک تھام بلکہ شریانوں میں مواد جمع ہونے کے عمل کو سست کیا جاسکتا ہے۔
بلڈ شوگر لیول بہتر کرے
تلوں کا تل صحت مند بلڈشوگر کو مستحکم رکھنے میں بھی مدد دے سکتا ہے خصوصاً ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بہت اہم ثابت ہوسکتا ہے۔